پانامہ لیکس،آئیس لینڈ کے وزیراعظم مستعفیٰ ہو گئے
ریک جوویک(مانیٹرنگ ڈیسک )پانامہ پیپرز معاملے پر آئیس لینڈ کے وزیراعظم سگمنڈر ڈیوڈ نے استعفیٰ دیدیاہے۔
آئس لینڈ کے وزیر اعظم سیگمندر گْنلاؤگسن نے خود پر آف شور کمپنی سے مبینہ طور پر لاکھوں ڈالرز چوری کرنے کا الزام عائد ہونے کے بعد ملک کے صدر سے پارلیمان کو تحلیل کرنے کی درخواست کی ہے۔واضح رہے کہ آئیس لینڈ کے وزیر اعظم سیگمندر گْنلاؤگسن پر پاناما کی ایک لا کمپنی موساک فونسیکا سے افشا ہونے والی خفیہ دستاویزات کے مطابق وہ اور ان کی بیوی آف شور کمپنی وینٹرس کے مالک تھے۔
غیر ملکی رپورٹس کے مطابق آئس لینڈ کے وزیر اعظم سیگمندر گْنلاؤگسن نے عوامی وسیاسی دباو اور حزبِ مخالف کی جانب سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے مطالبے کے بعد صدر اولاور ریگنر گریمسن کو پارلیمان کو تحلیل کرنے کی درخواست دی ہے۔اطلاعات کے مطابق صدرگریمسن نے ملک کی سیاسی جماعتوں سے بات چیت تک پارلیمان کو تحلیل کرنے کا فیصلہ موخر کر دیا ہے۔ پاناما لیکس میں انکشاف ہوا کہ آئیس لینڈ کے وزیر اعظم بھی آف شور کمپنی کے مالک ہیں جس پر ملک بھر میں عوام نے شدید احتجاج کیا، ہزاروں لوگوں کی جانب سے آئیس لینڈ کی پارلیمنٹ کا گھراﺅ کر کے شدید احتجاج کیا گیا اور آئیس لینڈ کے وزیر اعظم سے استعفیٰ کامطالبہ کیا ۔عوامی دباﺅ پر آئیس لینڈ کے وزیر اعظم نے صدر سے پارلیمنٹ تحلیل کرنے کی درخواست کی جس پر صدر نے ان کی سفارش کو مسترد کردی۔