انا للہ وانا الیہ راجعون ، چترال سے اسلام آباد آنے والا پی آئی اے کا طیارہ تباہ، جنید جمشید سمیت تمام 47 مسافر ،عملہ زندگی کی بازی ہار گئے
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک )چترال سے اسلام آباد جانے والا پی آئی اے کا طیارہ حویلیاں کے قریب پہاڑی علاقے میں گرکر تباہ ہوگیا اور اس بدقسمت طیارے میں سوار عملے ، ڈی سی چترال اور معروف نعت خواں جنید جمشید سمیت تمام 47مسافر زندگی کی بازی ہار گئے ، عینی شاہدین کے مطابق طیارہ پہاڑی سے ٹکرانے کے بعد کھائی میں جاگر ا جس کے بعد آگ بھڑک اٹھی، سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق بدقسمت طیارے میں کوئی بھی زندہ نہیں بچا جبکہ آرمی کی ٹیموں اورمقامی رہائشیوں نے بھی ریسکیو سرگرمیوں میں حصہ لیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق پی آئی اے کے طیارے پی کے 661نے چترال سے اسلام آباد کے لیے 3بجکر 50منٹ پر اڑان بھری جس نے 4بج کر 45منٹ پراسلام آباد پہنچنا تھا لیکن تقریباً4بجکر 30منٹ پر طیارے کا کنٹرول روم سے رابطہ منتقطع ہو گیا ۔کنٹرول روم سے رابطہ منقطع ہونے سے پہلے طیارے کے پائلٹ صالح جنجوعہ نے کنٹرول روم میں مے ڈے کال دی تھی جس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ پائلٹ کا طیارے پر کنٹرول نہیں ہے اورصورتحال خطرناک ہے, پائلٹ نے بتایاکہ بایاں انجن فیل ہوگیا ہے اور طیارہ کنٹرول سے باہر ہے ،جس وقت طیارے کا رابطہ منقطع ہوا اس وقت طیارہ حویلیاں پہنچا تھا۔
پی آئی اے کے ترجمان دانیال گیلانی نے بتایاکہ تباہ ہونیوالے اے ٹی آر طیارے میں عملے کے پانچ اراکین , ایک زمینی سیکیورٹی اہلکار اور 41 مسافر سوار تھے ، مسافروں میں 31مرد ، 9 خواتین اور دومعصوم بچے شامل تھے ۔ بتایاگیاہے کہ یہ طیارہ 10 سال پرانا لیکن اچھی حالت میں تھا۔ طیارہ بنانے والی کمپنی اے ٹی آر نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ فیملیز کیساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔
Sad & tragic incident, confirming no survivors of 47 aboard crashed flight #PK661.
— CAA Pakistan (@AirportPakistan) December 7, 2016
إِنَّا لِلّهِ وَإِنَّـا إِلَيْهِ رَاجِعونَ
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حویلیاں کے قریب آرڈیننس فیکٹری کے قریب پہاڑی علاقے میں لوگوں نے طیارہ گرتے ہوئے دیکھا ہے جس کے بعد دھویں کے بادل دکھائی دیئے ، مقامی لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی اور موقع پر پہنچے تو ہر چیز بکھری ہوئی تھی اور آگ جل رہی تھی ۔ایک عینی شاہد جمعہ خان کا کہناتھا کہ مسافروں کی شناخت مشکل ہے ، وہاں صرف انسانی اعضاء ہیں ، خواتین اور مردوں کی پہچان ہی مشکل ہے ۔
حکومتی ذرائع کے مطابق مسافروں کی شناخت کیلئے نادرا کی ٹیم کو روانہ کردیاگیا ہے جہاں بائیو میٹرک تصدیق کے ذریعے نادرا کے ڈیٹا سے مسافروں کی شناخت ہوگی ۔ دوسری طرف ایبٹ آباد کی انتظامیہ نے بتایاکہ لاشوں کو ایوب میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا جارہاہے جہاں شناخت ہونے کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کی جائیں گی ۔
” مے ڈے، مے ڈے“ طیارے کے انجن میں خرابی پیدا ہوئی ہے، پائلٹ کا آخری پیغام