انٹر نیشنل ختم نبوت موومنٹ کے امیر مولانا عبدالحفیظ مکی ساوتھ افریقہ میں انتقال کرگئے

پیٹر مریٹز برگ(ڈیلی پاکستان آن لائن) انٹر نیشنل ختم نبوت موومنٹ کے سربراہ ممتاز عالم دین اور مولانا زکریا کاندھلوی کے خلیفہ مجاز مولانا عبدالحفیظ مکی جنوبی افریقہ کے شہر پیٹر مریٹز برگ میں دوران بیان دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ میں طویل عرصہ سے درس و تدریس کی خدمات سرا نجام دینے والے ملک کے ممتاز عالم دین اور انٹر نیشننل موومنٹ کے امیر مولانا عبدالحفیظ مکی جو کچھ روز قبل ساوتھ افریقہ کے تبلیغی دورے پر گئے ہوئے تھے، مقامی وقت کے مطابق دوپہر کے وقت وہ ایک تقریب میں درس قرآن دینے میں مشغول تھے کہ اچانک ہارٹ اٹیک ہونے سے ان کی طبعیت ناساز ہوئی انہیں فوری طور پر مقامی طبی ادارے میں لیجایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے اور خالق حقیقی سے جا ملے (اِنا للہ و اِنا اِلیہ رَاجِعون)مولانا عبد الحفیظ مکی تین عشروں سے زیادہ عرصے سے مکۃ المکرمہ میں درس و تدریس کی خدمات سر انجام دے رہے تھے جبکہ عقیدہ ختم نبوت ﷺ کے تحفظ کے لئے انٹر نیشنل ختم نبوت موومنٹ کے امیر کی حیثیت سے دنیا بھر میں مرزائیت اور قادنیوں کی ریشہ دوانیوں کے خلاف مختلف ممالک کے تبلیغی دورے کر کے مسلمانوں عقیدہ تحفظ ختم نبوت کا شعور اجاگر کرتے رہے ۔مولانا عبد الحفیظ مکی پاکستان کے تمام مسالک میں انتہائی محبت اور عقیدت و احترام کی نظر سے دیکھے جاتے تھے اور وہ مکہ مکرمہ میں طویل عرصہ سے درس و تدریس کی وجہ سے شاہی خاندان اور سعودی عرب میں بھی کافی مقبول سمجھے جاتے تھے ۔مولانا عبد الحفیظ مکی پاکستان میں دینی تنظیموں کی بھی خصوصی سرپرستی فرماتے ،مولانا سمیع الحق ،مولانا فضل الرحمن ،مولانا قاری حنیف جالندھری ،مولانا طاہر محمود اشرفی، مولانا محمد احمد لدھیانوی اور دیگر مذہبی سیاسی رہنما بھی ان کا حد درجہ احترام کیا کرتے اور ان کی رائے کو بڑی اہمیت دی جاتی تھی ۔
فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے مولانا عبد الحفیظ مکی اکثر و بیشتر ساوتھ افریقہ میں تبلیغی دورے کرتے اور وہاں پر مقیم ہزاروں مسلمان ان کے خاص عقیدت مندوں میں شمار ہوتے تھے ، جبکہ مکہ مکرمہ میں درس و تدریس کے ساتھ انہوں نے اپنے آبائی علاقے فیصل آباد میں بھی ایک بڑا دینی مدرسہ قائم کیا ہوا تھا جہاں سینکڑوں طلبا دینی و دنیاوی علوم حاصل کرنے میں مشغول ہیں ۔
مولانا عبد الحفیظ مکی عالمی تبلیغی جماعت کے بانی شیخ الحدیث مولانا زکریا کاندھلویؒ کے خلیفہ مجاز بھی تھے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ روز کراچی میں ملک کے معروف بزرگ عالم دین اور وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے صدر شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ خان بھی انتقال کر گئے تھے جن کی نماز جنازہ آج (پیر کو) کراچی میں ادا کی گئی تھی۔ مولانا سلیم اللہ خان کی تدفین کے روز ہی اچانک ملک کی ایک اور بڑی بزرگ شخصیت کا سانحہ ارتحال دینی حلقوں اور مولانا عبد الحفیظ مکی کے لاکھوں چاہنے والوں ، عقیدت مندوں اور ملک و قوم کے لئے بڑا صدمہ اور نا قابل تلافی نقصان ہے