جیلوں میں "سمارٹ لائیبریری" پراجیکٹ کا آغاز،کتابیں پہنچا دی گئیں، قیدیوں کیلئے ضابطہ اخلاق جاری

جیلوں میں "سمارٹ لائیبریری" پراجیکٹ کا آغاز،کتابیں پہنچا دی گئیں، قیدیوں ...
 جیلوں میں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ پنجاب کا مثالی تعلیم دوست اقدام، پنجاب بھر کی جیلوں میں "سمارٹ لائیبریری" پراجیکٹ کا آغاز کر دیا گیا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے ڈسٹرکٹ جیل لاہور میں سمارٹ لائیبریری کا افتتاح کیا۔ پراجیکٹ کے تحت قیدیوں کو انکی بیرک کے اندر کتابیں اور شیلف مہیا کیے گئے ہیں۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پنجاب کی تمام 44 جیلوں میں بیرکس کے اندر سمارٹ لائیبریریز قائم کی گئی ہیں۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے کیمپ جیل لاہور میں سمارٹ لائیبریری کے افتتاح پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تعلیم دوست منصوبے کے تحت پنجاب بھر کی جیلوں میں 1 لاکھ کتابیں پہنچائی گئی ہیں جبکہ ہر ماہ ہر جیل میں 500 نئی کتابوں کا ٹارگٹ بھی دیا گیا ہے۔ قیدیوں کی تربیت اور اصلاح کیلئے کتب بینی کا سازگار ماحول فراہم کیا گیا ہے۔ ایک سال میں قیدیوں کی اصلاح و فلاح کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے گئے جن میں بہتر خوراک و ماحول کی فراہمی، جیل انڈسٹری میں تکنیکی تربیت، نفسیاتی و ذہنی صحت کی جانچ وغیرہ شامل ہیں۔

 سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ ماہانہ بنیادوں پر ہر بیرک کی کتابیں دوسری بیرک سے تبدیل کی جائیں گی تاکہ قیدیوں کو نئی کتب پڑھنے کا موقع ملے۔ سمارٹ لائیبریری میں اخلاقیات، تاریخ، اصلاحی سبق آموز، ادب، کردار سازی اور اسلام بارے کتابیں رکھی گئی ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے بیرکس میں قائم سمارٹ لائیبریری کیلئے ضابطۂ اخلاق بھی جاری کیا ہے۔ اس کے مطابق تعلیم یافتہ قیدی دیگر 10 اسیران کو کتاب کا خلاصہ بیان کریں گے۔ تمام خواندہ قیدی دورانِ اسیری کم از کم ایک کتاب پڑھنے کے پابند ہونگے اور ہر جیل میں ماہانہ بنیادوں پر زیادہ کتابیں پڑھنے والے قیدی کو انعام دیا جائے گا۔ ہر بیرک کا انچارج کتابوں کی حفاظت اور قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کا ذمہ دار ہوگا۔

سمارٹ لائیبریری پراجیکٹ کے افتتاح پر ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ (پریزن) عاصم رضا، آئی جی جیل میاں فاروق نذیر، ڈی آئی جی جیل لاہور ریجن نوید رؤف، جیل سپرنٹینڈنٹ ظہیر احمد ورک اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔