کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے 36 نئے تھانے قائم، جرائم کی روک تھام میں مدد ملے گی

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعلی پنجاب کے محفوظ پنجاب وژن پر عملدرآمد، محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے نئے تھانے قائم کر دیئے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے نوٹیفیکیشن کے مطابق پنجاب کے 36 اضلاع میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے 38 نئے تھانے قائم کیے گئے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ لاہور میں 3 جبکہ باقی تمام اضلاع میں ایک ایک تھانہ قائم کیا گیا۔ نئے تھانوں کے قیام سے جرائم کی روک تھام اور قیام امن میں مدد ملے گی۔ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو سنگین جرائم کی سرکوبی کیلئے جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے۔ حکومت پنجاب قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہر ممکن مدد اور جدید آلات فراہم کر رہی ہے۔ پولیس کی کارکردگی میں بہتری سے امن و امان کا قیام اور عوامی اعتماد کی بحالی ہوگی۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے نئے تھانوں کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفیکیشن میں ہر ضلع کے تھانے کی واضح حدود کا تعین بھی کیا گیا ہے۔