عام تعطیل، اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں معطل کردی گئیں

راولپنڈ ی (آئی این پی )یکم مئی کو مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کے باعث اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے کسی قسم کی ملاقات نہیں ہو سکی ، جیل ذرائع کا کہنا تھا کہ تعطیل کے باعث قیدیوں اور حوالاتیوں سے عام ملاقاتیں بھی معطل رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنما انتظار پنجھوتھا نے بانی پارٹی چیئرمین سے ملاقات کے لیے چھ سینئر سیاسی رفقا کی فہرست جیل حکام کو ارسال کی تھی۔ اس فہرست میں سید فخر جہان، سہیل خان، شاہد خٹک، میاں غوث، اظہر طارق، اور بلال عمر بودلہ کے نام شامل تھے۔ تاہم تعطیل کی وجہ سے اب یہ ملاقات اگلے ہفتے ممکن ہو سکے گی۔
جیل انتظامیہ کے مطابق عام تعطیلات کے دوران سیکیورٹی اور دیگر انتظامی وجوہات کی بنا پر ملاقاتوں پر پابندی عائد کی جاتی ہے اور اس حوالے سے تمام قیدیوں کے اہل خانہ اور متعلقہ حلقوں کو پہلے ہی آگاہ کر دیا گیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے کے آغاز میں معمول کے مطابق ملاقاتوں کا شیڈول دوبارہ جاری کیا جائے گا، جس کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے ان کے سیاسی رفقا کی ملاقات کا امکان ہے۔