لاہور میں بہادر ٹریفک پولیس اہلکار نے جلتی عمارت سے 7 افراد کو زندہ بچالیا

لاہور (آئی این پی )لاہور میں گیس سلنڈر کی دکان میں دھماکے اور آتشزدگی سے بچوں اور خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے، واقعے کے دوران ایک ٹریفک اہلکار نے ریسکیو ٹیموں کے پہنچنے سے پہلے خاتون اور بچے سمیت 7 افراد کو زندہ نکالا۔
لاہور میں گزشتہ روز گیس سلنڈر دھماکے کے باعث عمارت میں آگ لگ گئی تھی، جس میں بچوں اور خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔واقعے کے دوران ایک ٹریفک پولیس اہلکار نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریسکیو اہلکاروں کے پہنچنے سے پہلے خاتون اور بچے سمیت 7 افراد کو عمارت سے زندہ نکالا۔
تیس سالہ ٹریفک اہلکار عثمان ملک نے عمارت میں پھنسے افراد کیلئے جان خطرے میں ڈالی۔
عثمان نے نمائندہ سما کو بتایا کہ ہمسایوں کے گھر سے آتشزدہ عمارت میں پھنسے افراد کو ریسکیو کیا۔عثمان کا کہنا ہے کہ خاتون شیر خوار بچہ تھامے ہمسایوں کی دیوار سے لٹک رہی تھی، پہلے بچے کو اور پھر خاتون کو ریسکیو کیا، 6 سے 7 منٹ میں ریسکیو ٹیم بھی پہنچ گئی تھی، آتشزدگی کے دوران مسلسل سلنڈر پھٹنے سے دھماکے ہوتے رہے۔