سورج نے تیور بدلنا شروع کردیئے، درجہ حرارت 47 سینٹی گریڈ سے تجاوز کرگیا

جیکب آباد(آئی این پی) جیکب آباد، سورج نے تیور بدلنا شروع کردیئے، درجہ حرارت 47 سینٹی گریڈ سے تجاوز کرگیا، ہیٹ ویو کے باعث متعدد افراد بے ہوش، بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ اور ٹرپنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی۔
تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں آئے روز گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، جمعرات کے روز جیکب آباد اور گردونواح کے علاقوں میں گرمی کا درجہ حرارت 47 سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا، شدید گرمی کی وجہ سے شہری گھروں میں محصور ہوگئے ہیں جبکہ گرمی کی وجہ سے متعدد شہریوں کے بے ہوش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جیکب آباد میں ایک طرف قیامت خیز گرمی تو دوسری جانب سیپکو حکام کی جانب سے بدترین لوڈشیڈنگ اور ٹرپنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے ۔
شہری علاقوں میں 12 سے 16 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں کئی کئی روز تک بجلی بند کردی جاتی ہے جس کی وجہ سے عوام شدید اذیت کا شکار ہے، گرمی کی شدت میں اضافے اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شہر میں پینے کی پانی اور برف کی قلت پیدا ہوگئی ہے، شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ اور ٹرپنگ کا سلسلہ بند کرکے عوام کو رلیف فراہم کیا جائے، ڈاکٹروں نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ بلاوجہ گھروں سے باہر نہ نکلیں، پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں اور باہر نکلتے وقت سر کو ڈھانپ کر رکھیں۔