میاں صاحب ووٹ کی بے عزتی نہ کریں، بلاول کا نوازشریف کو "مشورہ"

کوئٹہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نوازشریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میاں صاحب ووٹ کو عزت دیں، اس کی بے عزتی نہ کریں۔
سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ اسلام آباد میں بیٹھے لوگوں کو عوام کے مسائل کا پتہ نہیں، تمام ادارے اپنے دائرے میں رہ کر کام کریں۔ سیاست ذاتی دشمنی تک پہنچ چکی جو عوام اور ملک کیلئے اچھا شگون نہیں۔ پیپلز پارٹی ہی عام انتخابات میں کامیاب ہو گی اور بلوچستان میں بھی ہماری جماعت ہی حکومت بنائے گی۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے جو نا انصافی ہوئی، آصف زرداری نے اس پر معافی مانگی۔ پاکستان کا مستقبل گوادر اور سی پیک سے جڑا ہوا ہے۔ صوبوں کی ترقی بھی سی پیک سے جڑی ہے۔ پیپلز پارٹی کا کوئی سیاسی مخالف نہیں، ہمارا کوئی مخالف ہے تو وہ مہنگائی، غربت اور بے روزگاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لیول پلئینگ فیلڈ کا مطالبہ تمام سیاسی جماعتوں کیلئے کر رہے ہیں۔ جو بھی حالات ہوں، ہر پچ پر کھیلنا جانتے ہیں، 8 فروری کو عام انتخابات میں سرپرائز دیں گے۔