امریکی سفارت کاروں کا دورہ چکوال, زراعت اور ڈیری کے شعبوں میں شراکت داری کو سراہا

امریکی سفارت کاروں کا دورہ چکوال, زراعت اور ڈیری کے شعبوں میں شراکت داری کو ...
امریکی سفارت کاروں کا دورہ چکوال, زراعت اور ڈیری کے شعبوں میں شراکت داری کو سراہا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

چکوال (ویب ڈیسک)   امریکی سفارت کاروں نے چکوال میں بارانی زرعی تحقیقاتی ادارے کے سینٹر آف ایکسی لینس برائے زیتون ریسرچ اینڈ ٹریننگ اور غلام رسول فارم  کے دورے کے موقع پر پاکستان کی زرعی ترقی کے لیے امریکی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ چکوال کے اس ایک روزہ دورے کے دوران مشن ڈائریکٹر یو ایس اے آئی ڈی کیٹ سوم وونگسری اور لاہور میں امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز نے پنجاب میں زراعت اور ڈیری کے شعبوں میں امریکہ اور پاکستان کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو سراہا۔

غلام رسول فارم کے دورے کے دوران، مشن ڈائریکٹر کیٹ سوم وونگسری نے یو ایس ایڈ کے تعاون سے قائم کردہ ملک پاسچرائزیشن پلانٹ کاجائزہ لیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا، "پاکستان دودھ کی پیداوار میں دنیا کا پانچواں جبکہ مویشیوں کی افزائش کے حوالے سے چوتھا بڑا ملک ہے- ڈیری فارمنگ میں تکنیک اور ویلیو ایڈیشن کا امتزاج پیداواری صلاحیت اور دیرپا خاصیت میں ا ضافے کے لیے اہم ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ یہ فارم امریکہ اور پاکستان کی شراکت داری کی بہت سی مثالوں میں سے ایک ہے جس میں ڈیری کی پیداواری صلاحیت کو بہتر بنانے اور تربیت کے ذریعے کسانوں کی آمدنی بڑھانے اور مائیکرو فنانس اداروں اور بریڈر ایسوسی ایشنز کے ساتھ روابط کو فروغ دینے میں مدد ملتی ہے۔

فارم میں موجود پسچرائزیشن یونٹ اس بات کا ثبوت ہے کہ کس طرح جدید کاروباری طریقے اور ان کا موثر نفاذ دیر پا کامیابی کو یقینی بنا سکتے ہیں۔ 2021 میں یو ایس اے آئی ڈی کے ایک پروجیکٹ کی مدد سے اس فارم نے مزید ترقی کرتے ہوئے نئی مصنوعات تیار کی ہیں جو کہ یو ایس اے آئی ڈی کے اس تعاون کے طویل مدتی اثرات کا مظہر ہے۔

بارانی زرعی تحقیقاتی ادارے کے سینٹر آف ایکسی لینس برائے زیتون ریسرچ اینڈ ٹریننگ میں، قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز اور مشن ڈائریکٹر سوم وونگسری نے چکوال میں زیتون کی پیداوار اور افزائش کا جائزہ لیا۔ قونصل جنرل ہاکنز نے کہا کہ سینٹر کے قیام اور یو ایس اے آئی ڈی کے اس تعاون کے ذریعے پنجاب میں زیتون کی کاشت کو فروغ دینے کے لیے  زرعی ادارے کی کاوشوں کے بارے میں جان کر انہیں خوشی ہوئی۔

امریکی سفارت کاروں نے چکوال کی ڈپٹی کمشنر قرۃ العین ملک سے بھی ملاقات کی، وفد کی میزبانی اور چکوال کے پہلے دورے کو کامیاب بنانے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس نوعیت کے دورے پاکستان کے زرعی شعبے میں اقتصادی اور دیر پا ترقی کے لیے امریکی حکومت کےتعاون کو نمایاں کرتے ہیں۔ امریکہ پاکستان کے لیے پائیدار ترقی اور معاشی خوشحالی کو فروغ دینے والی شراکت داری کے لیے پر عزم ہے۔