مستونگ: ٹریف حادثے میں 6 افرادجاں بحق، 15 زخمی
مستونگ(ڈیلی پاکستان آن لائن) بلوچستان کے علاقے مستونگ روڈ پر ہونے والے ٹریفک حادثے میں چھ افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے ہیں۔
نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق حادثہ چمن ہوٹل واقع مستونگ روڈ کے قریب اس وقت پیش آیا جب مزدا ٹرک اور مسافر کوچ کے درمیان خوفناک تصادم ہوگیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایدھی ایمبولینس جائے وقوع پر پہنچی اور اس نے فوری طور پر زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کرنا شروع کیا۔ ایدھی ایمبولینسز نے جاں بحق افراد کی نعشیں بھی قریبی ہسپتال منتقل کی ہیں۔
جائے حادثہ سے ملنے والی ابتدائی اطلاع کے مطابق حادثے کی اطلاع پرعلاقہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے متعلقہ حکام بھی پہنچ گئے ہیں اور امدادی سرگرمیوں کو بہتر بنانے کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کررہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق خوفناک حادثے کے باعث زخمیوں میں سے سات کو فوری طور پر کوئٹہ روانہ کیا گیا ہے کیونکہ ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
ایدھی ایمبولینسزکے ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ فی الوقت حادثے کی درست تفصیلات بتانا ممکن نہیں ہے۔ ایدھی ایمبولینسز کے مطابق اس وقت جائے حادثہ پر موجود زخمیوں کو ہسپتال منتقل کررہے ہیں جہاں ڈاکٹرز ان کی جان بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔
علاقہ پولیس نے بتایا ہے کہ ابھی ابتدائی طور پرکہنا نا ممکن ہے کہ حادثہ کیونکر پیش آیا؟ اور اصل ذمہ دار کون ہے؟ پولیس ذرائع کے مطابق جائے حادثہ سے تمام ثبوت و شواہد اکھٹے کریں گے اور پھر ہونے والی تفتیش و تحقیق میں اصل صورتحال سامنے آئے گی۔