شدید بارشیں، اربن فلڈنگ کا خدشہ ،وزیر اعلیٰ پنجاب نے متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ کر دیا
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اربن فلڈنگ کے خدشہ کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے-وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کوہ سلیمان کے علاقے رود کوہی اور فلڈ کے خطرے کے پیش نظر ڈیرہ غازی خان انتظامیہ کو بھی الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے- وزیر اعلیٰ نے بارش کے پانی کی جلد ازجلد نکاسی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور گلی محلوں سے بھی بارش کے پانی کی نکاسی کے انتظامات کا حکم دیا ہے-
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ لاہور سمیت دیگر شہروں کے نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کی جلد نکاسی کے انتظامات کیے جائیں -سڑکوں اور گلیوں میں بارش کا پانی زیادہ دیر نظر نہیں آنا چاہیے، تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں -ضلعی انتظامیہ،پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور دیگر ادارے ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہیں -بارش کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لئے وارڈن موجود رہیں۔