مسعود خان صدر آزاد کشمیر نامزد ،نواز شریف نے فاروق حیدر کو کابینہ کی تشکیل کیلئے فری ہینڈ دیدیا
اسلام آباد( اے این این )وزیراعظم نواز شریف نے راجہ فارورق حیدر کوآزاد کشمیر میں کابینہ کی تشکیل سمیت تمام معاملات میں فری ہینڈ دے دیا، میرٹ اور شفافیت ملحوظ خاطر رکھنے کی ہدایت۔ ذرائع کے مطابق بدھ کو آزاد کشمیر کے نو منتخب وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے وزیراعظم پاکستان نواز شریف سے ملاقات کی، وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی یہ ملاقات ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی جس میں آزاد کشمیر میں کابینہ کی تشکیل اور آئندہ کے صدارتی انتخابات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے راجہ فاروق حیدر کی سیاسی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ آزاد کشمیر کے عوام کا ان پر اعتماد لائق تحسین ہے ، نواز شریف نے راجہ فاروق حیدر کو آزاد کشمیر کے معاملات چلانے میں مکمل طورپر فری ہینڈ دیتے ہوئے کہاکہ وہ آزاد کشمیر میں کابینہ کی تشکیل بھی اپنی مرضی سے کریں ، نامزدگیاں میرٹ پر رکھی جائیں اور عوام کی خدمت میں کوئی کسرنہ چھوڑی جائے۔ نواز شریف نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی اور عوام کی فلاح و بہبود اور تعمیر و ترقی کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کیاجائے گا۔ ملاقات میں سابق سفارتکار مسعود خان کو صدر آزاد کشمیر بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔