مسلمانوں کے خلاف انگریزوں کا متعصب رویہ تحقیق نے بےنقاب کر دیا

لندن (نیوز ڈیسک) مساوی انسانی حقوق کا دعویٰ کرنے والا مغرب مسلمانوں کے ساتھ کیا سلوک کر رہا ہے اس کا اندازہ ایک برطانوی یونیورسٹی کی حالیہ تحقیق سے کیاجا سکتا ہے جس کے مطابق برطانیہ میں مسلمان بدترین تعصب کا شکار ہیں اور ایک عام برطانوی کی نسبت مسلمان کو نوکری ملنا 76 فیصد تک زیادہ مشکل ہے۔
اس تحقیق نے مسلمانوں کو سب سے زیادہ استحصال کا شکار طبقہ قرار دے دیا ہے۔ یہ تحقیق برسٹل یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر نبیل خطاب اور پروفیسر رون جوسٹن نے کی۔ ڈاکٹر نبیل کا کہنا ہے کہ برطانوی کمپنیاں اور ان کے منیجر مسلمانوں کو اپنے لئے خطرہ سمجھتے ہیں چاہے وہ کتنے بھی پڑھے لکھے اور تہذیب یافتہ ہوں۔ یہ لوگ بھرپور کوشش کرتے ہیں کہ ان کی بجائے کسی اور اقلیت سے تعلق رکھنے والوں کو نوکری دی جائے۔ مسلمانوں کی وفاداری پر بھی شک کیا جاتا ہے اور انہیں قابل اعتبار نہیں سمجھا جاتا۔
سب سے زیادہ فوقیت عیسائی مذہب والے انگریزوں کو دی جاتی ہے لیکن ایک طبقہ ایسا ہے جسے انگریز خود سے بھی اعلیٰ مقام دیتے ہیں اور وہ ہیں یہودی۔ برطانوی کمپنیاں یہودیوں کو مقامی انگریزوں سے بھی زیادہ پسند کرتی ہیں۔ یہ تحقیق برطانوی سرکاری ادارے آفس فار نیشنل سٹیٹسٹکس کے اعداد و شمار کی بنیاد پر مکمل کی گئی ہے۔