پنجاب: 11 لاکھ آؤٹ آف سکول بچوں کی انرولمنٹ کا منفرد ریکارڈ قائم

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اقدامات کے باعث پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مختصر مدت میں 11 لاکھ آؤٹ آف سکول بچوں کی انرولمنٹ کا منفرد ریکارڈ قائم ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے-وزیراعلیٰ کو سکول ایجوکیشن کے موجود اور مجوزہ پراجیکٹس کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی- بریفننگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں 11ہزار سے زائد سکولوں کی آؤٹ سورسنگ مکمل ہوگئی ہے، بچوں کی انرولمنٹ میں کئی گنااضافہ ہوا ہے-وزیراعلیٰ نے وزیر تعلیم اور پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ٹیم کو 11لاکھ بچوں کی انرولمنٹ پر شاباش دی ہے- وزیراعلیٰ نے سکول مینجمنٹ کونسل کو 10ارب روپے سے90دن کے اندر ضروری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے- ساتھ ساتھ ایک سال کے اندر تمام سکولوں میں درکار کلاس روم بنانے کا حکم دیا ہے-
وزیراعلیٰ مریم نواز نے سکولوں کی 580بوسیدہ ترین اور 2770 خستہ عمارتوں کی تعمیر ومرمت کی ہدایت کی ہے-سرکاری سکولوں کے 5 لاکھ بچوں کی انگلش ٹرینرز سے سپوکن انگلش ٹریننگ کا ہدف مقررکیاگیاہے-سکول میل پروگرام کا دائرہ کار غذائی قلت کا شکار بچوں کے تناسب سے دیگر اضلاع اور تحصیلوں تک وسیع کرنے کی ہدایت کی ہے-
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہر ضلع میں گرلز اور بوائز کے لئے نوازشریف سکول آف ایمیننس بنانے کی ہدایت کی- نوازشریف سکول آف ایمیننس میں آئی ٹی، سائنس لیب، لائبریری، ملٹی پرپز پلے گراؤنڈ، سمارٹ بورڈ اور دیگر جدید سہولتیں میسر ہوں گی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پانچ سال میں 1750 سکولوں کی اپ گریڈیشن کا ہدف مقرر کیاگیاہے-اگلے مالی سال میں 250سکولوں کی اپ گریڈیشن ہوگی-پنجاب کی 10تحصیلوں میں 300 ٹیک- ایڈ سکول بنیں گے-
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ آؤٹ سورس ہونے والے سکولوں میں 195کلاس روم، 397کمروں کی چھتوں کی تعمیر و مرمت ہوگئی-آؤٹ سورس ہونے والے سکولوں میں 254538 مربع فٹ چاردیواری تعمیر کی گئی۔ آؤٹ سورس سکولوں میں 414 ٹوائلٹ اور 1543 واٹر ٹینک کی تعمیرمکمل ہوگئی ہے۔ 9ڈویژن میں نوازشریف سنٹرآف ایکسی لینس ارلی چائلڈ ایجوکیشن سنٹر کے پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا-4327سکولوں میں باؤنڈری وال، 4066 ٹوائلٹ،8488فرنیچر اور 100 واٹر فلٹریشن پلانٹ کا پراجیکٹ پیش کیا گیا-پنجاب کے سکولوں میں ایس ایم سی ماڈل پر STEM لیب بنیں گی-وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ بچوں کی تعلیم کے لئے بہت سا کام کرنا چاہتی ہوں۔ ہر سکول میں ٹوائلٹ سمیت ہر دیگر سہولتیں ناگزیر ہیں۔سکولوں میں سولر سسٹم کی تنصیب کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔