چینی صدر 7 تا 10 مئی روس کا سرکاری دورہ کریں گے

چینی صدر 7 تا 10 مئی روس کا سرکاری دورہ کریں گے
چینی صدر 7 تا 10 مئی روس کا سرکاری دورہ کریں گے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ماسکو (ڈیلی پاکستان آن لائن )چینی صدر شی جن پنگ 7 سے 10 مئی تک روس کا سرکاری دورہ کریں گے، جہاں وہ نازی جرمنی کی شکست کی 80 ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔
ڈان نیوز نے عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ روسی حکومت کی جانب سے اتوار کو ٹیلی گرام پر جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شی جن پنگ 7 تا 10 مئی روس کا سرکاری دورہ کریں گے اور اس دوران صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ دونوں ممالک کی سٹریٹجک شراکت داری کے فروغ پر تبادلہ خیال کریں گے اور متعدد دستاویزات پر دستخط بھی کریں گے۔
بیان میں کہا گیاہے کہ ’ بات چیت کے دوران، جامع شراکت داری اور سٹریٹجک تعامل کے تعلقات کی مزید ترقی کے اہم امور، نیز بین الاقوامی اور علاقائی ایجنڈے کے موجودہ مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔’
واضح رہے کہ دوسری جنگ عظیم میں سوویت یونین نے 27 ملین افراد کھوئے لیکن نازی افواج کو واپس برلن کی طرف دھکیل دیا، جہاں ہٹلر نے خودکشی کی اور 1945 میں ریخسٹاگ پر سوویت یونین کی فتح کا سرخ پرچم لہرایا گیا۔تقریبات میں برازیل اور سربیا کے صدور اور سلوواکیہ کے وزیر اعظم سمیت کئی دیگر قومی رہنماو¿ں کی بھی شرکت متوقع ہے۔
ولادیمیر پوتن نے روسی کیلنڈر میں سب سے اہم دنوں میں سے ایک 9 مئی کی تقریبات کے موقع پر یوکرین کے ساتھ تین روزہ جنگ بندی کی تجویز پیش کی ہے۔ماسکو کی تین روزہ جنگ بندی کی پیشکش کا جواب دیتے ہوئے، یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ اگر جنگ بندی 30 دن کی ہو تو وہ اس کے لئے تیار ہیں۔
واضح رہے کہ ولادیمیر پوتن نے ایک ماہ کی جنگ بندی کی تجویز پہلے ہی مسترد کردی تھی، انہوں نے کہا تھا کہ وہ مختصر وقفے کے بجائے طویل مدتی تصفیہ چاہتے ہیں۔یوکرینی صدر نے کہا ہے کہ یوکرین، روس کے ساتھ جاری جنگ کے پیش نظر ماسکو میں روایتی 9 مئی کی فتح پریڈ میں آنے والے کسی بھی غیر ملکی معززین کی حفاظت کی ضمانت نہیں دے سکتا۔