وزیر داخلہ محسن نقوی کی عمانی ہم منصب سے ملاقات، پاک بھارت کشیدگی پر بات چیت

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیرداخلہ محسن نقوی نے عمانی ہم منصب سے ملاقات کی اور پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی مسقط میں عمان کی وزارت داخلہ گئے جہاں اُن کا عمانی ہم منصب سید حمود بن فیصل البوسیدی نے پرتپاک استقبال کیا۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے اپنے عمانی ہم منصب سید حمود بن فیصل البوسیدی سے ملاقات کی جس میں خطے کی موجودہ صورت حال پر بات چیت ہوئی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے عمانی وزیر داخلہ کو پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے حوالے سے پاکستان کے اصولی موقف سے آگاہ کیا۔ عمانی ہم منصب سے گفتگو میں محسن نقوی نے کہا کہ بھارت کی جانب سے بلیم گیم سے کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان کا موقف بہت واضح ہے جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر امن ملک ہے اور ہم خطے میں پائیدار امن کے خواہاں ہیں۔ بین الاقوامی تنازعات کے حل کیلئے عمان کا کلیدی کردار قابل تعریف ہے۔