بٹگرام: زمین کے تنازع پر تصادم میں ایک ہی خاندان کے 5 افرادجاں بحق،6 شدید زخمی

بٹگرام (ڈیلی پاکستان آن لائن )خیبر پختونخوا کے ضلع بٹگرام کے علاقہ ٹکری چھم سیداں میں زمین کے تنازع پر جھگڑے کے دوران تصادم میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد کو ابدی نیند سلا دیا گیا جبکہ 6 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز نے پولیس حکام کے حوالے سے بتایا کہ جاں بحق و زخمی ہونے والے افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جاتا ہے، جاں بحق افراد میں ضیاءاللہ شاہ، شہزاد شاہ، مظفر شاہ اور انور علی شاہ شامل ہیں، مقتولین ضیاء اللہ شاہ، شہزاد اور مظفر شاہ آپس میں باپ، بیٹا اور بھائی ہیں جبکہ دوسرے گروپ کی طرف سے جھگڑے کے دوران انور علی شاہ موقع پر زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔
زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ، مقامی پولیس کے مطابق نعشوں کو پوسٹمارٹم کے لئے پولیس نے ہسپتال منتقل کردیا ہے اور بٹگرام پولیس نے علاقہ ٹکری چھم سیداں کا کنٹرول بھی سنبھال کر ملزمان کی گرفتاری کے لئے بڑے آپریشن کا آغاز کر دیاگیاہے۔
رپورٹ کے مطابق علاقے میں سوگ کا سماں ہے، لواحقین ملزمان کی جلد گرفتاری کا مطالبہ بھی کررہے ہیں، حالات کوکنٹرول کرنے کے لئے پولیس نے مختلف علاقوں میں بھاری نفری بھی تعینات کررکھی ہے۔