رانا محمد عظیم، صدر شہزاد حسین بٹ شہباز میاں اور شاداب ریاض کی صحافیوں پر تشدد کی مذمت
لاہور(نامہ نگار خصوصی ) پی ایف یو جے کے صدر رانا محمد عظیم،پی یو جے کے نومنتخب صدر شہزاد حسین بٹ ،لاہور پریس کلب کے صدر محمدشہباز میاں اور سیکرٹری شاداب ریاض نے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے رپورٹرز ،فوٹو گرافرز اور کیمرہ مینوں پر تشدد ، آج نیوز لاہور اور کراچی کے دفتر میں توڑ پھوڑ ، ابتک نیوز اور دیگر میڈیا ہاؤسز کی ڈی ایس این جیز کو نقصان پہنچانے اور حیدر آباد پریس کلب پر حملہ و توڑ پھوڑ کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور پیمرا کے غلط فیصلوں اور پالیسیوں سے پاکستان بھر میں صحافیوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں، حکومت صحافیوں اورصحافتی اداروں کو تحفظ فراہم کرنے میں یکسر ناکام نظر آتی ہے،صحافی انتہائی مشکل حالات میں بھی اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔مذہبی تنظیموں کے قائدین کی بھی ذمہ داری ہے کہ اپنے کارکنان کوقانون ہاتھ میں نہ لینے دیں اور انہیں پر امن رکھیں۔صحافی راہنماؤں کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت صحافیوں اورصحافتی اداروں کو تحفظ فراہم کرے اور حملوں میں ملوث افراد کی نشاندہی کرکے انکے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔