سابق گرل فرینڈ اور اس کے موجودہ بوائے فرینڈ کو قتل کرنے کے بعد شہری نے خود کو پولیس کے حوالے کردیا

سیول (رضا شاہ) جنوبی کوریا کے گھیونگی صوبے کے شہر ایچھون کی پولیس نے اطلاع دی ہے کہ انہوں نے قتل کے الزام میں ایک 30 سالہ شخص کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جس پر الزام ہے کہ اس نے 4 مئی کی صبح ا یچھون شہر کے ایک اپارٹمنٹ میں اپنی سابقہ گرل فرینڈاور اس کے موجودہ بوائے فرینڈکو تیز دھار آلے سے قتل کیا۔
اطلاعات کے مطابق قاتل اسی عمارت میں رہائش پذیر تھا جہاں یہ واقعہ پیش آیا۔ اس نے واردات کے بعد اپنے خاندان کو اس بارے میں بتایا اور اپنے والد کے ساتھ پولیس اسٹیشن جا کر خود گرفتاری دے دی۔قاتل کے ہاتھ اور گردن پر زخم آئے ہیں اور وہ اسپتال میں زیر علاج ہے، تاہم اس کی جان کو خطرہ نہیں بتایا گیا۔پولیس نے صبح 9 بج کر 8 منٹ پر جائے وقوعہ سے لاشیں برآمد کیں اور موقع پر فرانزک تفتیش کا آغاز کیا۔
ابتدائی بیانات کی بنیاد پر پولیس کا خیال ہے کہ قاتل نے سابقہ گرل فرینڈ اور اس کے نئے ساتھی کے خلاف دل میں رنجش رکھ کر یہ واردات کی۔ البتہ، پولیس کے مطابق قاتل سے باقاعدہ تفتیش ابھی نہیں ہوئی، اس لیےقاتل اور مقتولین کے درمیان درست تعلقات کی مکمل تصدیق نہیں ہو سکی۔قتل کے وقت اور طریقہ کار کی تفصیل بھی ابھی تک واضح نہیں ہو سکی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جیسے ہی قاتل کی حالت بہتر ہو گی، اس سے واردات کی وجوہات اور تفصیلات پر تفتیش کی جائے گی، اور اس کے لیے گرفتاری کے وارنٹ حاصل کیے جائیں گے۔ساتھ ہی مقتولین کی موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے ان کی لاشوں کو نیشنل فارینزک سروس (NFS) کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔