’پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی چالاکیوں اور لفظی گولہ باری کی کوئی اہمیت نہیں ،ضمنی الیکشن میں بھر پور کامیابی حاصل کریں گے‘ سردار تنویر الیاس کا دعویٰ
چڑہوئی(ڈیلی پاکستان آن لائن)حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)آزاد کشمیر کے صدر اور ریاست کے سینئر وزیر سردار تنویر الیاس خان نے بلاول بھٹو زرداری کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کشمیریوں کے دل میں گھر کر چکی ہے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی چالاکیاں اور لفظی گولہ باری کی کوئی اہمیت نہیں،کشمیری قوم جان چکی ہے کہ ان دو جماعتوں نے گذشتہ کئی دہائیوں سے انہیں کیسے کیسے سبز باغ دکھائے لیکن عملی میدان میں ان دونوں جماعتوں کی لیڈر شپ لوٹ کھسوٹ اور کشمیریوں کا استحصال کرتی رہی ،حالیہ انتخابات میں کشمیری قوم نے ان دونوں جماعتوں کو ان کی اوقات یاد دلا دی ہے،بلاول بھٹو زرداری اپنا سارا زور لگا لیں ،اب کشمیری قوم ان کے جھانسے میں نہیں آئے گی ،آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کے امیدوار ضمنی الیکشن میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گے۔
نامزد امیدوار قانون ساز اسمبلی حلقہ پانچ شوکت فرید ایڈوکیٹ کی انتخابی مہم کے سلسلے میں ڈنہ کے مقام پر مہاجرین مقیم 1947ء کی شمولیتی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوۓسردار تنویر الیاس خان نےکہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات نے پورے پاکستان کو واضح پیغام دیا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی سیاست ختم ہو گئی ہے،اب اس ملک میں’باریوں کا کھیل‘کھیلنے والے ملکی سیاست سے اپنا بوریا بستر گول سمجھیں،تحریک انصاف کی قیادت پر الزام تراشی کر کے بلاول بھٹو اپنی سیاست کو زندہ رکھنا چاہتے ہیں لیکن کشمیری عوام ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی امیدواروں کو واضح اکثریت سے کامیابی دلا کر ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی امیدوں پر پانی پھیر دیں گے ۔
سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ مہاجرین جموں وکشمیر ہمارے جسم و جان کا حصہ ،انکے دکھ درد اور تکالیف سے پوری طرح آگاہ ہوں،انشااللہ ہم آپ کے تمام مطالبات کو پورا کریں گے، مہاجرین نے تحریک آزادکشمیر کیلئے جو خدمات سرانجام دیں، اپنا گھر بار چھوڑا،جو تکالیف اور مصائب و الام برداشت کیے، اس کا کوئی نعم البدل نہیں ہو سکتا ،مقامی افراد مہاجرین کے ساتھ حسن سلوک کا مظاہرہ کریں تاکہ انہیں احساس نہ ہو کہ وہ کسی دوسری جگہ پر آئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق میرٹ کے قیام ، انصا ف کی بالا دستی،اور عوام کی خدمت کے لیے کام کریں گے،ہم وزیر اعظم عمران خان کی امیدوں کے عین مطابق فرائض سرانجام دے کر یہ ثابت کریں گے کہ تحریک انصاف ہی عوام کی مشکلات کم کرکے ان کے مسائل حل کرسکتی ہے،مہاجرین جموں وکشمیر کےمسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے،ہماری حکومت اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے موثر اقدامات کرے گی،ریاستی تشخص کی بحالی،اسلامی اقدار کا تحفظ ،ناانصافی کاخاتمہ اور مہاجرین کے تمام مسائل حل کرنا ہماری حکومت کا ایجنڈا ہے۔