سوات میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن،سرغنہ عطا اللہ سمیت 2 خوارجی ہلاک، ایک زخمی حالت میں گرفتار
راولپنڈی (ویب ڈیسک) سوات کے علاقے چارباغ میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں سرغنہ سمیت 2 خوارجی مارے گئے جبکہ ایک دہشتگرد کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 4 اور 5 اکتوبر کی درمیانی شب ڈسٹرکٹ سوات کے علاقے چار باغ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق آپریشن کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں خوارجیوں کے سرغنہ عطا اللہ مہران سمیت 2 خوارجی ہلاک ہوگئے جبکہ 1 خوارجی کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خوارجی عطا اللہ مہران 22 ستمبر2024 کو غیرملکی سفیروں کے قافلے میں موجود پولیس وین پردھماکہ خیز مواد سے حملے سمیت علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کاروائیوں میں ملوث تھا۔علاقے میں موجود کسی بھی خوارجی کو ختم کرنے کے لیے آپریشن کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔