ہمیں سازشوں سے ہوشیار ہونا چاہیے،جو آپ کے اپنے ہیں ان پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے:الطاف حسین
ٹنڈوالہیار(مانیٹرنگ ڈیسک)متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ ہمیں سازشوں سے ہوشیار ہونا چاہیے،سندھ میں سندھیوں، پنجاب میں پنجابیوں کے ذریعے دھماکے کرارہے ہیں،کراچی کی گلیوں میں اردو بولنے والوں سے دھماکے کرائے جارہے ہیں،جو آپ کے اپنے ہیں ان پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ جلسے سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ عزیز آباد میں ایم کیو ایم کے دفتر کو نشانہ بنایا گیا،دھماکوں میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کرتا ہوں،اللہ پاکستان کو دہشت گردوں سے نجات دلا دے،پاکستان کے 3 صوبوں میں قتل و غارت گری جاری ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ لبرل، جمہوری اورروشن خیال جماعتوں کو انتخابی سرگرمیوں کی اجازت نہیں،طالبان کے حامیوں کو کھلے عام جلسے اور ریلی کی اجازت ہے۔دہشت گردوں کے آگے سرینڈر نہیں کریں گے،ڈنڈا بردار شریعت، کلاشنکوف بردار شریعت کو قبول نہیں کریں گے۔پاکستان کو ڈنڈا ردار شریعت نافذ کرنے والوں کے حوالے نہ کیا جائے،دہشت گردوں کے دھماکوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم واحد جماعت ہے جس نے متوسط طبقے کے لوگوں کو ایوانوں میں بھیجا اور ایم کیو ایم ٹکٹ فروخت نہیں کرتی بلکہ میرٹ پر ٹکٹ دیتی ہے۔