8نومبر کو ہزاروں ملازمین اسلام آباد میں دھرنا دینگے، اسحاق کھوکھر
حافظ آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر+نمائندہ پاکستان) 8نومبر کو پاکستان بھر کے ہزاروں ملازمین پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے سامنے اپنے حقوق کے لئے احتجاجی دھرنا دیں گے اور اگر ملازمین کی مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو پھر دما دم مست قلندر ہوگا۔ان خیالات کا اظہاریہاں شاہین بلدیاتی فیڈریشن پاکستان کے مرکزی چیئرمین اسحق کھوکھر نے ورکرز کے ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی قائم کردہ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں تمام صوبائی اور وفاقی ملازمین کو سوفیصد میڈیکل الاؤنس، سوفیصد ہاؤس رینٹ اور سوفیصد مہنگائی الاؤنس دیا جائے۔ ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کیا جائے۔ اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو ہم پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے غیر معینہ مدت تک احتجاجی دھرنا دیئے رکھیں گے۔اور اگر حکومت نے مطالبات تسلیم کرلئے تو وہاں پر ہی یوم تشکر منایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 8نومبر کو ملک بھر سے ہزاروں ملازمین پاکستان ملکی فیڈریشن کے راہنماؤں کی قیادت میں صبح ساڑھے نوبجے راولپندی پہنچیں گے جہاں پر تین پوائنٹس پر انکا استقبال ہوگا اور ٹھیک گیارہ بجے ہماری ریلی پارلیمنٹ ہاؤس اسلام کے سامنے پہنچ کر احتجاجی دھرنا دے گی۔