’پی ٹی آئی نے پارلیمنٹ کو مکمل طور پر بے وقعت کردیا‘سراج الحق صدارتی آرڈیننس پر برس پڑے

’پی ٹی آئی نے پارلیمنٹ کو مکمل طور پر بے وقعت کردیا‘سراج الحق صدارتی ...
’پی ٹی آئی نے پارلیمنٹ کو مکمل طور پر بے وقعت کردیا‘سراج الحق صدارتی آرڈیننس پر برس پڑے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

بدین(ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے صدارتی آرڈیننس کے ذریعے نیب کے چیئرمین کی تعیناتی کرکے آئین و قانون کو بلڈوز کیا گیا،قوم غیر جمہوری و غیر آئینی اقدامات کو مسترد کرتی ہے،پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے پارلیمنٹ کو مکمل طور پر بے وقعت کردیا، ایوان صدر، ایوان آرڈیننس بن گیا،سالہاسال سے احتساب کے نام پر قوم سے مذاق ہو رہا ہے، پی ٹی آئی کے دور میں کرپشن اور بیڈگورننس کے ماضی کے سبھی ریکارڈ ٹوٹ گئے، جماعت اسلامی کرپٹ حکمران اشرافیہ اور مافیاز کو پوری طرح ایکسپوز کرے گی، جن لوگوں نے ملک و قوم کو دھوکہ دیا وہ کسی معافی کے حق دار نہیں، پینڈورا پیپرز اور پانامہ لیکس میں شامل تمام افراد کی شفاف تحقیقات کے لیے اعلیٰ عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے، امید ہے سپریم کورٹ قوم کو مایوس نہیں کرے گی، وزیراعظم تحقیقاتی سیل دھوکہ ہے، اپنوں کو بچانے کی کوششیں ہورہی ہیں، جب تک پنڈورا پیپرز میں ملوث وزراء، حکومتی عہدیدار استعفیٰ نہیں دیتے، شفاف تحقیقات نہیں ہوسکتیں،عوام ملک کو لوٹنے والوں کا کڑا احتساب چاہتی ہے، غریبوں کا خون چوس کر محلات میں رہنے والے اللہ تعالیٰ اور قوم کو جواب دہ ہیں، تینوں بڑی جماعتیں عوام کو ریلیف پہنچانے میں فیل ہو گئیں، مرکزی اور صوبائی حکومت نے سندھ کے عوام کو سینڈوچ بنادیا ہے، پیپلز پارٹی سندھ پر کئی برسوں سے حکومت کررہی ہے مگر عوام کی حالت نہیں بدلی،حکمران اشرافیہ کی ترجیحات ملک نہیں مال ہے، قوم ان سے تنگ آگئی، مستقبل جماعت اسلامی کاہے،ہمارا وعدہ ہے کہ اقتدار میں آکر اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام نافذ کریں گے۔

 ٹھٹھہ اور بدین میں استقبالی جلسوں اور اسلام کوٹ میں سیرت النبی و میلاد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق  نے بلوچستان میں زلزلے سے جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعاکی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ غریبوں کے نقصان کاازالہ کرے۔ امیر جماعت نے الخدمت کے رضاکاروں کو بھی ہدایات دیں کہ وہ علاقے میں امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور مخلوقِ خدا کی خدمت کریں،جماعت اسلامی اپنی بساط کے مطابق قوم کی ہر شعبے میں خدمت کررہی ہے،اللہ تعالیٰ نے موقع دیا اور عوام نے اعتماد کیا تو انشاء اللہ پاکستان کو عظیم اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔
سراج الحق نے کہا کہ حضورﷺ سے محبت اور عقیدت امت مسلمہ کے اتحاد و اتفاق کا عظیم ذریعہ ہے,نہ صرف اسلامیان پاکستان بلکہ پوری امت کو اس وقت جو چیلنجز درپیش ہیں ان کا مقابلہ اتحاد ہی سے ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان میں قرآن و سنت کا نظام آئے گا، تو اقلیتوں کو مکمل تحفظ اورآزادی ہوگی,اسلام کے علاوہ کوئی اور نظام انسانیت کے دکھوں کا مداوا نہیں کرسکتا, کمیونزم اور کیپٹل ازم کی عمارتیں زمین بوس ہوگئیں، اب مستقبل دین فطرت اسلام کا ہے۔ سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی کے دروازے ہر اس شخص کے لیے کھلے ہیں جو پاکستان کو اسلامی انقلاب سے روشناس کرانا چاہتا ہے۔