محتسب پنجاب کے احکامات پر قبرستان میں نکاسی کا مسئلہ حل
لاہور (جنرل رپورٹر)محتسب پنجاب کی خصوصی کاوشوں کے نتیجے میں 1 کروڑ 35 لاکھ روپے کی خطیر رقم سے ایک اہم عوامی مسئلے کو حل کر دیا گیا۔ یہ رقم قبرستان میں نکاسی آب کے موثر نظام، گزرگاہوں کی تعمیر اور روشنی کے مناسب انتظامات کے لیے استعمال کی گئی۔تفصیلات کے مطابق، محمد موسیٰ نے جوہر ٹاؤن میں واقع قبرستان کی خستہ حالی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے درخواست گزاری جس میں محتسب پنجاب سے فوری اصلاحی اقدامات کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قبرستان میں سیوریج کا کوئی مناسب انتظام موجود نہیں جس سے میتوں کی بے حرمتی کا خدشہ ہے۔مزید برآں، قبرستان میں قبضہ مافیا سرگرم ہے۔محتسب پنجاب نے فوری ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کیں۔ اس سلسلے میں 1 کروڑ 35 لاکھ روپے کی رقم مختص کی گئی تاکہ قبرستان میں بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ مزید برآں، رات کے وقت روشنی کا مناسب بندوبست بھی کر دیا گیا۔اس کے علاوہ، محتسب پنجاب کی خصوصی ہدایات پر قبضہ مافیا کے خلاف بھی سخت کارروائی کی گئی۔ کئی برسوں سے قبضہ مافیا کی جانب سے ہتھیائی گئی قبرستان کی زمین کو واگزار کرا لیا گیا۔عوامی حلقوں نے محتسب پنجاب کی اس کارکردگی کو سراہا ہے۔