دونوں ممالک کے رشتے اچھے کرنے کا پیغام لائی ہوں : سشما سوراج
نئی دہلی( مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ گئی ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج وفد کے ہمراہ نئی دہلی سے اسلام آباد کےلئے روانہ ہو ئیں اور اپنے خصوصی جہاز سے نور خان ائیر بیس پہنچیں جہاں ان کا استقبال وزارت خارجہ کے حکام نے کیا ۔بھارتی وزیر خارجہ اورپاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر سرتاج عزیز کے درمیان ملاقات بھی طے ہے جس میں دونوں ممالک کے درمیان موجودہ صورتحال، باہمی تعلقات کا جائزہ اوردیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔میڈ یا رپورٹس کے مطابق سشما سوراج کل وزیر اعظم نواز شریف سے بھی ملاقات کریں گی۔اسلام آباد پہنچ کر میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے سشما سوراج نے کہا کہ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس افغانستان سے متعلق ہونے کی وجہ سے بہت اہمیت کی حامل ہے اس لیے کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستان آئی ہوں ۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط کرنے پر بات ہو گی ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت سے یہی پیغام لے کر آئی ہوں کہ رشتے اچھے ہوں ۔ان کا کہنا تھا کیو نکہ پاکستان آئی ہوں اس لیے میرے لیے نواز شریف اور سرتاج عزیز سے ملنا لازم ہے ۔