بڑے جج نے آئین توڑنے والے کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دیدی،ووٹ کی حرمت بحال نہ ہوئی تو چھین کر لیں گے :مریم نواز

بڑے جج نے آئین توڑنے والے کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دیدی،ووٹ کی حرمت ...
بڑے جج نے آئین توڑنے والے کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دیدی،ووٹ کی حرمت بحال نہ ہوئی تو چھین کر لیں گے :مریم نواز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

منڈی بہاﺅ الدین (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما مریم نواز شریف  نے کہا ہے کہ ملک کے سب سے بڑے جج نے2 بار  آئین توڑنے اور کمردرد کا بہانہ بناکر ملک سے فرار ہو نے والے کو ملک میں آکر کا غذات نامزدگی جمع کرانے اور الیکشن کی حصہ لینے کی اجازت دی ہے لیکن عدالت نے نواز شریف اور اس کی بیٹی کوکلثوم نواز کی عیادت کیلئے جو کینسر سے مر رہی ہیں 3دن کی چھٹی نہیں دی۔

منڈی بہاؤ الدین میں عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نواز شر یف کو وزیر اعظم ہاؤس سے اٹھا کر باہر پھینک دیا گیا ،جس نے ججوں کو گھر بھیجا ، افتخار چودھری کو بالوں سے پکڑ کرگھسیٹا ، پاکستان کو دہشت گردی کا تحفہ دیا ، 12مئی کو کراچی میں قتل عام کیا اور قانون کو آنکھیں دکھاتا ہوا کمر درد کا بہانہ بنا کر ملک سے فرار ہو گیا ،اس کوملک کے سب سے بڑے جج نے کہا ہے کہ تم پاکستان میں آکر کاغذات نامزدگی جمع کرواؤ اور الیکشن میں حصہ لو ۔مریم نواز نے کہاکہ 25جولائی کو فیصلے کی گھڑی ہے،جب تک ملک میں مسلم لیگ ن کی حکومت تھی لوڈ شیڈنگ کنٹرول میں تھی،عوام کے ڈٹ جانے کی وجہ سے پانامہ کے ڈرامے کی وجہ سے نواز شریف کو کوئی فرق نہیں پڑا ۔ انہوں نے کہا کوئی نااہلی نواز شریف کا نام  نہیں مٹا سکتی کیونکہ نواز شریف کا نام پاکستان کے ہر شہرمیں ترقیاتی منصوبوں پر آب و تاب سے چمک رہا ہے ،عوام 25جولائی کو فیصلہ کریں آئین توڑنے والے چاہئے یا ووٹ کی حرمت کے لئے کھڑا ہونے والا چاہئے؟ کیونکہ 25جولائی کو ریفرنڈم ہے ،عوام فیصلہ کرے کہ اس کو حق حکمرانی چاہئے یا حق حکمرانی کاحق چھیننے والے چاہئے ؟آئین کی رکھوالی کرنے والا وزیر اعظم چاہئے یا آئین توڑنے والا چاہئے ؟ نوا زشریف کے خلاف ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی والدہ کی عیادت کیلئے عدالت میں تین دن کی چھٹی کی درخواست دی تھی لیکن چھٹی اس لئے نہیں دی گئی کہ یہ ملک سے فرار ہو جائیں گے، یہ کہا گیا کہ کلثوم نواز کی زندگی کو خطرہ لاحق نہیں، اس لئے ان کو جانے کی اجازت نہ دی جائے حالانکہ وہ کینسر سے مر رہی ہیں۔

مریم نواز  کا کہنا تھا کہ آج نواز شریف ملک کے ہر حلقے سے امیدوار ہیں،عوام اس شخص کو ووٹ دیں جومشکل وقت میں نواز شریف کو چھوڑ کر نہیں گیا،اس کو ووٹ نہ دیں جو لوٹا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام وعدہ کریں کے ووٹ کی عزت کیلئے نکلیں گے اور اگر ووٹ کی حرمت بحال نہ ہوئی تو چھین کر لیں گے ۔انہوں نے کہا عوام ووٹ ڈال کر گھر اس وقت تک نہیں آئیں جب تک ملک پر عوام کے حق حکمرانی کا فیصلہ نہ ہوجائے ۔انہوں نے کہا کہ جتنی سازشیں نواز شریف کے خلاف ہوئی ہیں کسی اور کے خلاف ہوتیں تو ملک چھوڑ کر بھاگ جاتا ،ہمیں وہ پاکستان نہیں چاہئے جس میں آئین اور ووٹ کی عزت نہیں ہوتی ،ووٹ کی عزت کی بات کرنے والا بیٹی کے ساتھ 100پیشیاں بھگت چکاہے ۔

مزید :

قومی -اہم خبریں -