برطانوی سیکریٹری خارجہ کی پاکستان کے دورے پر آمد،سول اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں

اسلام آباد (پ ر )برطانوی سیکریٹری خارجہ فلپ ہیمنڈ نےوزیرِ اعظم نواز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف ، وزیرِ اعظم کے مشیرِ خصوصی برائے امورِ خارجہ, وزیرِ داخلہ چودھری نثار علی اوروزیرِ اعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف سے ملاقات کی۔
برطانوی سیکریٹری خارجہ نے ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ تعلقات، خاص طور پر تجارت اور ترقی، علاقائی تعاون، پاکستان میں دہشت گردی کے اثرات اور حکومتِ پاکستان کے سماجی اصلاحات کے ایجنڈے پر گفتگو کی۔برطانوی سیکریٹری خارجہ فلپ ہیمنڈ نے کہا کہ "میرے لیے ہمارے دوطرفہ تعلقات میں مزید اضافے اور برطانیہ کی جانب سے اس ملک اور یہاں کے عوام کے لیے جاری عزم کے مظاہرے کے لیے پاکستان کا دوبارہ دورہ باعثِ مسرت ہے۔ برطانیہ کے لیے پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل ملک ہے۔ پاکستانی پس منظر کے حامل پندرہ لاکھ افراد برطانیہ میں مقیم ہیں۔ ہماری مشترکہ تاریخ اور ثقافتی تعلقات ہیں اور ہمارا مستقبل ایک دوسرے سے باہم مربوط ہیں۔"
ان کا مزید کہنا تھا کہ " دو دفعہ آسکر ایوارڈ جیتنے والی فلم ڈائریکٹر شرمین عبید چنائے سے آج صبح ملاقات میرے لیے بہت باعثِ مسرت ہے جن کی بنائی ہو ئی فلموں نے خواتین کے خلاف نام نہاد "عزت کے نام" پر قتل جیسے ہولناک موضوع پر روشنی ڈالی ہے۔ میں عزت کے نام پر قتل سے نمٹنے کے لیے وزیرِ اعظم پاکستان کے عزم اور خواتین کے تحفظ پر پنجاب اسمبلی میں حالیہ قانون سازی سے بہت متاثر ہوا ہوں۔"
فلپ ہیمنڈ نے کہا کہ "برطانیہ اور پاکستان اس خطے میں امن اور سلامتی کی جنگ میں ہمیشہ مضبوط شراکت دار رہیں گے۔ ہم دہشت گردی اور انتہا پسندی سے نمٹنے کے لئے اور سب کے لئے معیار زندگی اور زندگی کے امکانات کو بہتر بنانے کے لئے اجتماعی جدوجہد جاری رکھیں گے۔"