سیکیورٹی انتظامات تسلی بخش ہیں ،پاکستان اور انڈیا کا شیڈول میچ ’’دھرم شالہ‘‘ میں ہی ہو گا: ڈائریکٹر ورلڈ کپ ٹی 20 ایم وی سریدھر

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت نے کہا ہے کہ سیکیورٹی انتظامات مکمل اور فول پروف ہیں ،پاکستان اور انڈیا کا شیڈول میچ ’’دھرم شالہ میں ہی ہو گا ،میچ کا وینیو تبدیل نہیں کیا ۔
بھارتی ٹی وی چینل ’’زی نیوز ‘‘ کے مطابق ورلڈ کپ ٹی 20 کے ڈائریکٹر اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے جنرل مینجر آپریشن ایم وی سریدھر کا میچ کے حوالے سے بھارتی وزارت داخلہ کے انٹرنل سیکرٹری ایم کے شکلا اور دیگر حکام کے ساتھ ہونے والی میٹنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ورلڈ کپ ٹی 20 ٹورنا منٹ کی آرگنائزنگ کمیٹی وفاقی اور صوبائی حکومت سے مکمل رابطے میں ہے ۔حکومت نے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے ہیں اور ہم بھی شیڈول میچ کو کسی ردو بدل کے بغیر کرانے کے لئے تیار ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ ریاست ہماچل پردیش میں پاک بھارت میچ کی مخالفت ہو رہی ہے اور اس میچ کی مخالفت بعض سابقہ فوجی بھی کر رہے ہیں لیکن ہماری وزارت داخلہ کے ساتھ بات چیت ہو گئی ہے گو کہ یہ بات چیت ادھوری اور بعض مسائل حل طلب ہیں،لیکن سیکیورٹی کے انتظامات تسلی بخش ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی معاملات کا جائزہ لینے کے لئے آئی ہوئی پاکستانی وفد نے بھی سیکیورٹی انتظامات پر اطمنان کا اظہار کیا ہے ۔