وزیر داخلہ کا چیک پوسٹ پر حملہ ناکام بنانے پر پولیس کو خراج تحسین

وزیر داخلہ کا چیک پوسٹ پر حملہ ناکام بنانے پر پولیس کو خراج تحسین
وزیر داخلہ کا چیک پوسٹ پر حملہ ناکام بنانے پر پولیس کو خراج تحسین

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈی جی خان کی سرحدی چیک پوسٹ لکھانی پر خوارجی دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پنجاب پولیس کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق اپنے ایک پیغام میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے چیک پوسٹ لکھانی پر خوارجی دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ غازی خان پولیس نے بہادری کےساتھ خوارجی دہشتگردوں کا مقابلہ کیا اور حملہ پسپا کیا۔
انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس کی ٹیم کو خراج تحسین کرتے ہیں، ڈیرہ غازی خان پولیس کے بہادر سپوتوں نے پہلے بھی دلیری کے ساتھ خوارجی دہشتگردوں کے حملوں کو پسپا کیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب پولیس نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں خوارجی دہشتگردوں کے حملے کا منہ توڑ جواب دیا اور مذموم عزائم کو ناکام بنایا، فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے والی پولیس کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں، پولیس کے بہادر اور پیشہ ورانہ سپوتوں پر فخر ہے۔
علاوہ ازیں خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ ہمارا فرض اور قومی ذمہ داری ہے، خواتین کو جو حقوق دین اسلام نے دئیے اس کی مثال نہیں ملتی، خواتین کی عزت و وقار کا تحفظ کرنے والے معاشرے ہی آگے بڑھتے ہیں۔