بھارت نے 63 ہزار کروڑ روپے سے جدید ترین ہتھیار خریدنے کی منظوری دے دی

بھارت نے 63 ہزار کروڑ روپے سے جدید ترین ہتھیار خریدنے کی منظوری دے دی
بھارت نے 63 ہزار کروڑ روپے سے جدید ترین ہتھیار خریدنے کی منظوری دے دی
سورس: Wikimedia Commons

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت نے  فرانس سے 26 رافیل میرین جنگی طیارے خریدنے کی منظوری دے دی ہے۔ اے این آئی کی رپورٹ کے مطابق یہ معاہدہ حکومت سے حکومت کے درمیان طے پائے گا جس کی مالیت 63 ہزار کروڑ بھارتی  روپے سے زائد ہوگی اور اسے جلد ہی حتمی شکل دی جائے گی۔

حکومتی ذرائع کے مطابق بھارتی بحریہ کو اس معاہدے کے تحت 22 سنگل سیٹر اور 4 ٹوئن سیٹر رافیل میرین طیارے ملیں گے۔ یہ معاہدہ صرف طیاروں کی خریداری تک محدود نہیں ہوگا بلکہ اس میں فلیٹ کی دیکھ بھال، لاجسٹک سپورٹ، اہلکاروں کی تربیت، اور مقامی سطح پر پرزہ جات کی تیاری بھی شامل ہوگی تاکہ آف سیٹ پابندیوں کے تحت مقامی دفاعی صنعت کو بھی فروغ ملے۔

واضح رہے کہ بھارتی فضائیہ کے پاس پہلے ہی 36 رافیل طیارے موجود ہیں جو امبالہ اور ہاشی مارا کے فضائی اڈوں پر تعینات ہیں۔ رپورٹ کے مطابق رافیل میرین طیاروں کی فراہمی معاہدہ طے پانے کے تقریباً پانچ سال بعد شروع ہو گی۔

یہ جدید رافیل میرین طیارے بھارت کے پہلے مقامی طور پر تیار کردہ طیارہ بردار بحری جہاز "آئی این ایس وکرانت" پر تعینات کیے جائیں گے جو موجودہ  مگ 29  بیڑے کے ساتھ مل کر بھارتی بحریہ  میں شامل ہوں گے۔ مگ 29  طیارے بدستور آئی این ایس وکرامادتیہ سے آپریٹ کرتے رہیں گے۔ دفاعی ذرائع نے اے این آئی کو یہ بھی بتایا ہے کہ اس معاہدے میں زمینی ساز و سامان اور بھارتی فضائیہ کے رافیل بیڑے کے لیے سافٹ ویئر اپگریڈز بھی شامل کیے جا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ بھارتی بحریہ کو اپنے طیارہ بردار بحری جہازوں پر خصوصی آلات نصب کرنے کی ضرورت ہوگی تاکہ رافیل میرین جیسے 4.5 جنریشن طیاروں کی کارروائیوں کو سہارا دیا جا سکے۔