شیر افضل مروت نے انتخابی نتائج کو دھاندلی زدہ قراردیدیا
لکی مروت ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نےواضح الفاظ میں کہہ دیا کہ دھاندلی زدہ نتائج تسلیم نہیں کئے جائیں گے۔ہماری جیت کو ہار میں بدلنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ میں اور کارکنان انتخابی نتائج میں تاخیر کے خلاف لکی مروت کے ڈی آر او دفتر کے باہر سراپا احتجاج ہیں۔
شیر افضل مروت نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر (ڈی آر او) قومی اسمبلی کے حلقے این اے 41 کے نتائج فوری جاری کریں۔ دھاندلی زدہ نتائج تسلیم نہیں کیے جائیں گے۔
اپنے بیان میں شیر افضل مروت نے کہا کہ لکی مروت میں میری بلٹ پروف گاڑی پرفائرنگ کی گئی ہے۔ خوش قسمتی سے فائرنگ کے وقت گاڑی میں موجود نہیں تھا، سیکیورٹی اداروں نے پہلے بھی مجھے تھریٹ الرٹ کا بتایا تھا۔ تھریٹس کے باعث گھر کے باہر پولیس، ایف سی اہلکار تعینات کر دیئے گئے ہیں۔