ترک آٹو انڈسٹری کی پاکستانی منڈی تک رسائی سے معیار بہتر ہو گا،شاہد رشید بٹ

ترک آٹو انڈسٹری کی پاکستانی منڈی تک رسائی سے معیار بہتر ہو گا،شاہد رشید بٹ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(اے پی پی) اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ ترکی کی آٹو انڈسٹری کو پاکستانی منڈی تک رسائی دی جائے کیونکہ اس سے گاڑیوں کی قیمت کم اور معیار بہتر ہو جائے گا جس سے عوام کو فائدہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی نے آزادانہ تجارت کے معاہدے کے مذاکرات کے دوران اپنے آٹو سیکٹر کیلئے پاکستانی منڈی تک رسائی مانگی ہے اور اس کے بدلے میں پاکستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر کو رسائی دینے کا فیصلہ کیا ہے جو فائدے کا سودا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کو جانے والی برآمدات میں سالانہ 9 فیصد کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال مارچ میں اعلان شدہ آٹو پالیسی کے بعد رینالٹ اور نسان سمیت گاڑیاں بنانے والی تین بین الاقوامی کمپنیوں نے پاکستان میں پیداوار شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جس سے مارکیٹ میں مسابقت بڑھے گی اور تین موجودہ کمپنیوں ٹویوٹا، ہنڈا اور سوزوکی کے ساتھ دیگر معیاری گاڑیاں بھی دستیاب ہوں گی جس سے عوام کو یورپ کی جدید ٹیکنالوجی کے حامل گاڑیاں ملیں گی۔ شاہد رشید بٹ نے کہا کہ فرانسیسی کمپنی رینالٹ کم قیمت میں بہتر گاڑیاں فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جو 2 سال تک مارکیٹ میں دستیاب ہو گی اور اس کی قیمت موجودہ دستیاب ماڈلز سے کافی کم ہو گی جبکہ ایندھن کا خرچ کم اور سیکورٹی وجدت اس کا امتیاز ہو گا۔ اس سے مارکیٹ میں اجارہ داری رکھنے والے برانڈز کو بھی اپنی مصنوعات کی قیمت کم اور معیار بہتر بنانا پڑے گا۔

مزید :

کامرس -