پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی میں ملوث 5ملزمان کی ضمانت منظور
لاہور(نامہ نگار)کینٹ کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی کے مقدمے میں ملوث 5ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں منظور کر لی ہیں۔جوڈیشل مجسٹریٹ شہباز حسن رانا کے روبرو مغل پورہ پولیس نے ملزمان کے خلاف درج مقدمات کا چالان پیش کیا، پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے اپنی دوکانوں پر سرکاری ریٹ لسٹ آویزاں نہیں کی ہوئیں تھیں، ملزمان سرکاری ریٹ سے زائد قیمت پر اشیا فروخت کر رہے تھے،ملزمان کے خلاف پرائس کنٹرول انسپیکشن ٹیم نے کارروائی کی تھی جبکہ ملزمان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے ملزمان کے خلاف بے بنیاد مقدمہ درج کیا ہے،ملزمان سرکاری ریٹ کے مطابق اشیا فروخت کر رہے تھے،ملزمان کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ضمانتیں منظور کی جائیں۔