دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ادیب اور شاعر جوابی بیانیہ فراہم کریں،ممنون حسین
اسلام آباد (این این آئی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہاہے کہ انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ادیب اور شاعر جوابی بیانیہ فراہم کریں۔ یہ بات صدر مملکت نے عالمی مشاعرہ 2017 ء کی انتظامی کمیٹی کے ممبران سے ملاقات کے دوران کی جنہوں نے ایوان صدر میں صدر مملکت سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہاکہ قائد اعظمؓ اور علامہ اقبالؓ کے افکار کو فنکارانہ انداز میں قوم کے سامنے پیش کر کے رواداری اور بدعنوانی جیسے مسائل پر قابو پایا جاسکتا ہے اور ترقی اور خوش حالی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئی نسل میں وطن عزیز کی محبت کے جذبات کو فروغ دیتے ہیں۔ اداب اور شاعر اپنی تخلیقات کے ذریعے اہم کردارادا کرسکتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ ادیب اور شاعر اقبالؓ کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے قومی مقاصداور مسائل اپنے فن کا حصہ بنائیں۔ ادبی تقریبات ہماری تہذیبی اقدار کا حصہ ہیں اور اس طرح کی تقریبات قوموں کی تربیت کا اہم ذریعہ ہیں۔صدر مملکت نے مزید کہا کہ پی ایس ایل فائنل میچ کا انعقاد پاکستان میں ہونا خوش آئند ہے۔ اس سے بین الاقوامی ٹیمیں بھی پاکستان میں آئینگی اور پاکستان کا دنیا بھر میں مثبت تاثر ابھریگا۔ اس موقع پر عالمی مشاعرہ کے ممبران نے صدر مملکت کو اپنے مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ اس سلسلے میں صدر مملکت نے متعلقہ ادارہ کو ان کے مسائل نمٹانے کیلئے ہدایات بھی دیں۔
ممنون حسین