سی ٹی ڈی کا تنخواہوں کا 65 فیصد رسک اور سپیشل الاؤنس بحال کرنے کیلئے سندھ حکومت کو خط،واجبات مانگ لیے

کراچی(آن لائن)کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ سندھ نے رسک اور اسپیشل الاؤنس کے رکے ہوئے ایک ارب 20 کروڑ روپے سندھ حکومت سے مانگنے کیلئے کمر کس لی ہے۔ سی ٹی ڈی کی تیار کردہ فہرست کے مطابق صرف خطرہ مول لینے والے اہلکار ہی نہیں بلکہ خاکروب سے لے کر ایڈیشنل آئی جی تک سب ہی ان الاؤنسز کے حق دار ہیں۔کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے سندھ حکومت سے تقریباً ایک ارب 20 کروڑ روپے کا اسپیشل الاؤنس مانگنے کی تیاری کرلی، یہ پیسہ 2011سے ادا نہ کیے جانے والے رسک اور اسپیشل الاؤنس کی مد میں واجب الادا ہے۔اگر یہ پیسہ مل گیا تو سی ٹی ڈی کے ایڈیشنل آئی جی کروڑ پتی، جبکہ خاکروب تک سب کے سب لکھ پتی ہوجائیں گے۔نئے تعینات ہونے والے ڈی آئی جی عامر فاروقی نے ایڈیشنل آئی جی کو خط لکھ دیا، جس میں تجویز دی گئی ہے کہ2011 سے ادا نہ کئے گئے تنخواہوں کا 65 فیصد رسک اور اسپیشل الاؤنس بحال کیا جائے۔