محکمہ اینٹی کرپشن میں اختیارات سے متعلق کیس ،ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کیس کی تیاری کیلئے وقت مانگ لیا

اسلا آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ آف پاکستا ن میں محکمہ اینٹی کرپشن میں اختیارات سے متعلق کیس میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کیس کی تیاری کیلئے وقت مانگ لیا ،عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں بنچ نے محکمہ اینٹی کرپشن میں اختیارات سے متعلق کیس کی سماعت کی،ڈی جی حسین اصغر نے کہا کہ کرپشن کیخلاف کارروائی کے اختیارات چیف سیکرٹری کوتفویض کر دیئے گئے ہیں ،گریڈ 18 کے افسرکیخلاف بغیراجازت کارروائی نہیں کرسکتا،ڈی جی حسین اصغر نے کہا کہ کارروائی کیلئے وزیراعلیٰ اورچیف سیکرٹری کی اجازت ضروری ہے۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ یہ قواعدتوعدالت معطل کرچکی ہے،محکمہ اینٹی کرپشن اپنے اختیارات انجوائے کرے،اگراختیارنہیں ہوگاتوادارے کی کیاحیثیت رہ جائےگی؟۔
ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کیس کی تیاری کیلئے وقت مانگ لیا ،سپریم کورٹ نے سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردی۔