گجرات : سیکیورٹی رفورسز کے ریسکیو کیمپ پر حملہ 8 اہلکار شہید

گجرات : سیکیورٹی رفورسز کے ریسکیو کیمپ پر حملہ 8 اہلکار شہید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

گجرات، جلالپور جٹاں (بیورو رپورٹ، نامہ نگار، آن لائن) گجرات میں دریائے چناب کے کنارے سکیورٹی فورسز کے کیمپ پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار سمیت 8 فوجی جوان شہید ہوگئے ۔جاں بحق سکیورٹی اہلکار ہیلی کاپٹر حادثے میں لاپتہ پائلٹ کی تلاش کررہے تھے۔ افسوس ناک واقعہ پیر کی صبح 5:30 کے قریب گجرات میں دریائے چناب کے کنارے اس وقت پیش آیا جب سکیورٹی فورسز کے اہلکار فجر کی نماز کی ادائیگی کے بعد اپنے کیمپ میں جارہے تھے کہ 4 حملہ آور 2گاڑی اور ایک موٹر سائیکل پر سوار تھے جنہوں نے اندھا دھندفائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 6 سکیورٹی اہلکار اور ایک پولیس کانسٹیبل موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ پانچ اہلکار زخمی ہوگئے ۔جاں بحق اور زخمی اہلکاروں کو سی ایم ایچ گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ سکیورٹی فورسز کا کیمپ دریائے چناب کے کنارے 23 مئی کو لگایا گیا تھا جو کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید پائلٹ میجر زاہد کی تلاش کررہا تھا جبکہ ان کے معاون پائلٹ محمد کو تلاش کر لیا گیا ہے ۔ڈی پی او گجرات راجہ بشارت کے مطابق 4 حملہ آور گاڑی اور ایک موٹر سائیکل پر سوار تھے جنہوں نے فورسز کے جوانوں پر فائرنگ کی ۔فائرنگ کے بعد حملہ آور موٹر سائیکل پھینک کر گاڑی میں فرار ہوگئے ۔حملے میں 6سکیورٹی اہلکار اور ایک پولیس اہلکار شہید ہوا۔ جاں بحق پولیس اہلکار قیصر کنجاہ کے علاقے شاہ دیوال کا تھا اور لاری اڈہ میں تعینات تھا ۔آئی ایس پی آر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حملہ آ وروں نے پیر کی صبح سکیورٹی اہلکاروں کی ریسکو پارٹی پر حملہ کیا جس میں 6 فوجی جوان اور ایک پولیس اہلکار شہید ہوا جبکہ 5 زخمی ہوئے ہیں جنہیں ملٹری ہسپتال گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیا ہے ۔جہاں ایک اور زخمی اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔دریائے چناب کے کنارے سکیورٹی فورسز کا یہ کیمپ23 مئی سے ہیلی کاپٹر حادثہ میں پائلٹ میجر زاہد کی میت کو تلاش کرنے کے لئے بنایا گیا تھا ۔ادھر سینئر مشیر داخلہ رحمن ملک نے فورسز پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور آئی جی پنجاب حاجی حبیب الرحمن سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے ڈی پی او گجرات سے واقعہ کی مکمل تفصیلات معلوم کی ،انہیں ہائی الرٹ اور بارڈرسیل کرنے کا حکم دے دیا ہے ان کا کہنا ہے کہ فورسز کے کیمپ پر حملہ بزدلانہ اقدام حملے کرنے سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے حملہ آوروں کو کسی صورت بھاگنے نہیں دیا جائیگا۔ بیورو رپورٹ کے مطابق واقعہ کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی وقوعہ کے بعد گجرات بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی پاک فوج کے اعلیٰ افسران‘آر پی او گوجرانوالہ ‘ ڈی سی او گجرات ڈی پی او گجرات موقع پر پہنچ گئے گجرات کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی کردی گئی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لیکر جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے حساس اداروں اور پولیس افسران سمیت شہریوں کی بڑی تعداد دریائے چناب پر پہنچ گئی پاک فوج کے دستوں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کاموں میں حصہ لیا۔ شادیوال سے تعلق رکھنے والے پنجاب پولیس کے کانسٹیبل قیصر بٹ کی نعش عزیز بھٹی شہید ہسپتال منتقل کی گئی ضروری کاروائی کے بعد کانسٹیبل کی پولیس لائن گجرات میں نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں کمشنر اور آر پی او گوجرانوالہ ‘ ڈی پی او گجرات کے علاوہ دیگر پولیس وسرکاری افسران نے شرکت کی پولیس کانسٹیبل تھانہ لاری اڈامیں تعینات تھا واقعہ کے بعد شہر میں خوف وہرا س پھیل گیا لوگ ایک دوسرے اور اخبارات کے دفاتر میں فون کر کے معلومات حاصل کرتے رہے کچھ عرصہ قبل کٹھالہ چیک پوسٹ پر شرپسندوں نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کر چار جوانوں کو شہید کر دیا تھا جس کی تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے گجرات پولیس اور شہری اس سانحہ سے باہر نہیں نکل پائے کہ حساس ادارے کے ملازمین پر حملہ نے امن وامان صورتحال پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے کچھ عرصہ قبل گورالی کے قریب دو دہشت گرد بم کو فیوز لگاتے ہوئے اچانک پھٹنے سے جاں بحق ہوئے تھے گجرات میں پے درپے دہشت گردی کی وارداتوں نے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے لیے چیلنج کھڑا کر دیا ہے پاک فوج کے کیمپ پر مذکورہ دہشت گردی کے واقعہ پر گجرات کے سیاسی ‘ سماجی حلقوں نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کرنے میں لگے ہوئے ہیں پاک فوج جیسے حساس ادارے کے کیمپ پر حملہ منظم دہشت گردی کا منصوبہ لگتا ہے جس کی اعلی سطحی تحقیقات کے بعد زمہ داروں کو نشان عبرت بنایا جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کا تدارک کیا جا سکے۔ جلالپور جٹاں سے نامہ نگار کے مطابق فائرنگ سے لیفٹیننگ ذیشان یونٹ 33کیولری حوالدار عزیز اللہ، سپاہی محمد الیاس، سپاہی شمس الدین شدید زخمی ہوگئے۔ گجرات وزیر آباد کے درمیان دریائے چناب کے ضلع میں بڑے سرچ آپریشن کا آغاز کردیا گیا۔ ضلع کی تمام اہم شاہراہوں کی ناکہ بندی کردی گئی جبکہ پاک فوج کے ہیلی کاپٹر بھی فضا میں موجود رہے۔ افسوناک واقعہ کے بعد ضلع بھر میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ایلیٹ فورس اور تمام تھانوں کی نفری کو فوری طور پر اپنی ڈیوٹیز پر رپورٹ کرنے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔

مزید :

صفحہ اول -