تحریک انصاف آج بونیراور بشام میں سیاسی قوت کامظاہرہ کرے گی
بونیر(ڈیلی پاکستان آن لائن)عام انتخابات کی تیاریوں کا سلسلہ عروج پر ہے اور الیکشن کا دن نزدیک آتے ہی تمام سیاسی جماعتوں نے الیکشن مہم میں تیز ی کر دی ہے ۔اسی سلسلہ میں پاکستان تحریک انصاف آج(منگل کو) بونیر اور بشام میں سیاسی قوت کامظاہرہ کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق بونیر کے علاقے سواڑی کالج گراؤنڈمیں جلسے کی تیاریاں جاری ہیں اور گراؤنڈ میں پارٹی پرچموں کی بہار ہے جبکہ گراؤنڈ میں جلسے کے شرکا کے لئے کرسیاں بھی لگا دیں گئیں ہیں ۔دوسری طرف بشام میں بھی جلسے کی تیاریاں مکمل کر لیں گئیں ۔پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پہلا خطاب بشام کے ڈی بی گراؤنڈ میں جبکہ دوسرا خطاب دوپہر 3 بجے بونیر جلسے سے کریں گے اور کھلاڑیوں کا لہو گرمائیں گے ۔جلسے کے موقع پر عمران خان بونیر کی پارٹی قیادت سے ملاقات بھی کریں گے ۔
انتخابی مہم میں جلسوں کے سلسلہ کو جاری رکھتے ہوئے عمران خان کل رحیم یارخان میں جلسہ کریں گے ۔