ٹک ٹاک نے ایک اور پاکستانی نوجوان کی جان لے لی

ایبٹ آباد(ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے شوق نے میٹرک کے طالب علم کی جان لے لی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا کے شہر ایبٹ آباد میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے چکر میں نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا، پولیس نے واقعے سے متعلق تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ باگن کا رہائشی طالب علم عبدالصمدپستول سے ٹک ٹاک ویڈیو بنا رہا تھا، ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے دوران طالب علم سے اچانک گولی چل گئی اور وہ وہیں ڈھیر ہوگیا۔
بعد ازاں لڑکے کو اسپتال لایا گیا لیکن ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔ افسوس ناک حادثے نے اہل خانہ کو صدمے سے دوچار کردیا، اہل محلہ نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عبدالصمد فرمانبردار لڑکا تھا۔خیال رہے کہ ملک میں ٹک ٹاک بناتے ہوئے نوجوان لڑکوں کی اموات میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ حالیہ دنوں بھی متعدد واقعات سامنے آچکے ہیں۔ پاکستان اور بھارت میں ٹک ٹک ویڈیو کے چکر میں اموات زیادہ ریکارڈ کی جارہی ہیں۔