بہاولپور کے طالبعلم کی بطور یوتھ ایمبسڈر پاکستان اقوام متحدہ اسمبلی سیشن میں شرکت
بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر )بہاولپور کے نوجوان کی اقوام متحدہ اسمبلی سیشن میں شرکت، جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کو پسماندہ سمجھنا ٹھیک نہیں، ہمارے نوجوانوں کو سوشل میڈیا پر ٹائم ضائع کرنیکی بجائے تعلیم مکمل کرکے ملکی ترقی میں مثبت کردار ادا کرناچاہیے۔ اِن خیالات کا اظہار اسلامیہ یونیورسٹی (بقیہ نمبر23صفحہ12پر )
بہاولپور فارمیسی ڈیپارٹمنٹ سے تعلق رکھنے والے ہونہار طالب علم محمدعاصم معصوم زبیر جنہوں نے اقوام متحدہ کی دعوت پر بطور یوتھ ایمبیسیڈر پاکستان کی نمائندگی کی نے میڈیا سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جون 2017ء میں نیدرلینڈ کے ریسرچ فیلوشپ کیلئے اپلائی کیا اور الحمداللہ پوری دنیا میں فارمیسی کی واحد سیٹ پر بطور نوجوان سائنسدان منتخب ہوا ، ڈیڑھ ماہ کیلئے 2017ء میں نیدرلینڈ کا وزٹ کیا۔ بعدازاں ستمبر 2017ء میں اقوام متحدہ کی یوتھ اسمبلی میں بطور کیمپس ایمبیسیڈر منتخب ہوا ۔ فروری 2018ء میں اقوام متحدہ کی دعوت پر امریکہ گیا اور 14سے 16فروری 2018ء میں بطور یوتھ ایمبیسیڈر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اقوام متحدہ اسمبلی کے امن، صحت اور تعلیم کے حوالے سے ہونیوالے مختلف سیشنز میں شرکت کی ۔ہونہار طالبعلم نے اقوام متحدہ سیشن کے دوران ڈاکٹر ملیحہ لودھی اور دیگر اکابرین سے ملاقات کی۔ محمدعاصم معصوم زبیر نے بتایا کہ اُنکے والد ایلیٹ فورس میں سب انسپکٹر ہیں ، انہوں نے کہا کہ میری کامیابی والدین کی دعاؤں کا نتیجہ ہے ،اپنے اساتذہ اور اسلامیہ یونیورسٹی انتظامیہ کی بھرپورحوصلہ افزائی پر شکر گزار ہوں۔ ہونہار طالب علم نے کہا کہ بہاولپور اور جنوبی پنجاب کے عوام اور نوجوانوں کو پسماندہ سمجھنا ٹھیک نہیں، یہاں کے نوجوان باصلاحیت ہیں اور اپنے ملک و قوم کا نام روشن کرنیکی بھرپورصلاحیت رکھتے ہیں ۔ امریکہ اوریورپین ممالک کے بنائے سوشل میڈیا پر ہماری نوجوان نسل ضرورت سے زیادہ ٹائم ضائع کررہی ہے ، سوشل میڈیا کومثبت انداز میں استعمال کرنا چاہیے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ نوجوانوں کو ترقی کرنے اور آگے بڑھنے کے مزید مواقع فراہم کرے ۔ محمدعاصم معصوم زبیر نے کہا کہ انسانیت کی خدمت زندگی کا مقصد ہے کوشش کروں گا کہ بہتر انداز میں اپنے پیارے ملک پاکستان کی نمائندگی کروں اور اپنے شہر بہاولپور اور ملک کا نام روشن کروں۔