سپورٹس راؤنڈ اپ
مینز ہاکی ایشیا کپ آئندہ ماہ بنگلہ دیش میں ہو گا
مینز ہاکی ایشیا کپ 12 سے 22 اکتوبر تک بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ میں سات ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی جن میں بنگلہ دیش، بھارت، جاپان، ملائیشیا، اومان، پاکستان اور جنوبی کوریا شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم بھارت میں ہونے والے 2018 ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرے گی۔
سعودی عرب نے عالمی فٹبال کپ کے لئے کوالیفائی کر لیا
سعودی عرب نے 12 سال بعد عالمی فٹبال کپ 2018ء کے لئے کوالیفائی کر لیا۔اس سے قبل آخری دفعہ سعودی عرب کی ٹیم نے 2006ء میں اس عالمی ٹورنامنٹ میں حصہ لیا تھا۔جدہ کے کنگ عبداللہ سٹی سٹیڈیم میں گذشتہ روزجاپان کے ساتھ کھیلے گئے اس میچ میں سعودی عرب نے 1-0 سے کامیابی حاصل کی۔میچ کاواحد اور فیصلہ کن گول اسٹرائیکر فہد المولد نے دائیں طرف سے ملنے والے ایک خوبصورت پاس کے ذریعے کیا۔یہ گول 63ویں منٹ میں ہوا۔ سعودی عرب 2006ء کے بعد عالمی فٹبال کپ کے اس ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گا۔ گروپ بی میں 19پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔ اسی گروپ میں جاپان نے 20پوائنٹس کے ساتھ پہلے ہی روس میں کھیلے جانے والے عالمی کپ 2018ء کے لئے کوالیفائی کر لیا تھا۔ دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشدالمکتوم نے اپنے ٹویٹر اکاونٹ پر ٹویٹ کے ذریعے سعودی عرب کی قومی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ یہ ٹیم عرب ممالک کی نمائندگی کرے گی۔
رومان رئیس کی زندگی کی نئی اننگز کی شروعات
قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر رومان رئیس نے اپنی اہلیہ عائشہ کے ساتھ زندگی کی نئی اننگز کی شروعات کردی۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر رومان رئیس رشتہ ازدواج سے منسلک ہوگئے، شادی کے لیے ان کی بارات سپر ہائی وے کے قریب گلشن عثمان سوسائٹی سے گلستان جوہر آئی۔ پچیس سالہ فاسٹ بولر چار بہنوں کے اکلوتے بھائی ہیں ۔ قریبی ذرائع کا بتانا ہے کہ ولیمے کی تقریب میں قومی کرکٹرز کی شرکت متوقع ہے۔رومان رئیس پاکستان کی جانب سے 2 ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیل چکے ہیں جبکہ وہ ورلڈ الیون کے خلاف تین ٹی 20 میچوں کیلئے اعلان کردہ سکواڈ میں بھی شامل ہیں۔
ننھے مہمان کی آمد متوقع، عامر کی ورلڈالیون کے خلاف میچز میں شرکت مشکوک
قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر کے گھر ننھے مہمان کی متوقع آمد کے پیش نظر ان کی ورلڈ الیون کے خلاف قومی ٹیم میں شرکت مشکوک ہوگئی ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق محمد عامر کی اہلیہ امید سے ہیں اور ان کے ہاں رواں ماہ نئے مہمان کی آمد متوقع ہے جس کے سبب ان کی ورلڈ الیون کے خلاف میچز میں شرکت مشکوک نظر آتی ہے تاہم میچز کے دوران ہی پتہ چل سکے گا کہ وہ ورلڈ الیون کے خلاف کھیلتے ہیں یا نہیں۔رپورٹ کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے بتایاکہ عامر کے گھر ننھے کی پیدائش متوقع ہے جس کے سبب ممکنہ طور پر وہ چند میچز میں حصہ نہیں لے سکیں گے اور اسی وجہ سے سکواڈ میں 2 فاسٹ باؤلنگ آل راؤنڈر رکھے گئے ۔
ویمن بیس بال ایشیا کپ،بھارت نے پاکستان کوشکست دیدی
ویمن بیس بال ایشیا کپ میں بھارت نے پاکستان ویمن ٹیم کونو ٗتین سے شکست دے دی، پاکستان ویمن بیس بال ٹیم کی یہ ایونٹ میں تیسری شکست ہے۔ہانگ کانگ میں ہونے والے ویمن بیس بال ایشیا کپ میں پاکستان کوروایتی بھارت سے پہلے ہانگ کانگ اورکوریاسے شکست کاسامنا کرنا پڑا ۔ چمپئن شپ میں ہانگ کانگ، جاپان ، پاکستان،کوریا، تائیوان، بھارت اور چین کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
چینی شہر ہانگژو 2022ء میں شیڈول ایشین گیمز کی میزبانی کرے گا
چینی شہر ہانگژو 2022ء میں شیڈول ایشین گیمز کی میزبانی کرے گا۔ ہانگژو میگا گیمز کی میزبانی کرنے والا چین کا تیسرا شہر بن جائیگا اس سے قبل بیجنگ اور گوانگ ژو بھی میگا گیمز کی میزبانی کر چکے ہیں، بیجنگ نے 1990ء اور گوانگ ژو نے 2010ء میں گیمز کی میزبانی کی تھی۔ اولمپک کونسل آف ایشیا (او سی اے) نے چینی شہر ہانگژو کو میگا گیمز کی میزبانی دینے کے فیصلے کی تصدیق کر دی اس سے قبل بیجنگ بھی 2022ء ونٹراولمپکس گیمز کی میزبانی کا حق حاصل کر چکا ہے جس کا مطلب ہے کہ چین ایک ہی سال میں دو بڑے میگا گیمز کی میزبانی کرے گا۔
رگبی لیگ ورلڈ کپ 2017ء، اکتوبر میں آسٹریلیا اور
نیوزی لینڈ میں ایک ساتھ شروع ہوگا
رگبی لیگ ورلڈ کپ 2017ء رواں سال اکتوبر میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ایک ساتھ شروع ہوگا۔ میگا ایونٹ کا پہلا میچ 27 اکتوبر کو دفاعی چمپئن آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان میلبورن سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ رگبی لیگ ورلڈ کپ کی میزبانی مشترکہ طور پر آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کریں گے۔ دونوں ممالک تیسری بار ایک ساتھ میگا ایونٹ کی میزبانی کریں گے، اس سے قبل دونوں ممالک 1968ء اور 1977ء میں منعقدہ ورلڈ کپ کی میزبانی کر چکے ہیں،آر ایل آئی ایف کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق میگا ایونٹ کی میزبانی کے لئے جنوبی افریقہ بھی دوڑ میں شامل تھا تاہم تمام اراکین کی مشاورت کے بعد آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کو میگا ایونٹ کی میزبانی کی ذمہ داری سونپی گئی تاکہ میگا ایونٹ کا کامیاب اور یادگار انعقاد ممکن ہو سکے۔
کامن ویلتھ ویٹ لفٹنگ میں پاکستان کا آسٹریلیا میں 11سال بعد گولڈ میڈل
جونیئر کامن ویلتھ ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں پاکستان نے آسٹریلوی سرزمین پر 11 سال بعد گولڈ میڈل حاصل کرلیا۔آسٹریلیا کے شہر گولڈ کوسٹ میں منعقدہ ایونٹ میں پاکستانی ویٹ لفٹر طلحہ طالب نے11سال بعد آسٹریلوی سرزمین پر گولڈ میڈل حاصل کرتے ہوئے پاکستان کا جھنڈا بلند کیا، طلحہ نے 62 کلوگرام سنیچ کیٹیگری میں 126 کلو وزن اٹھایا جبکہ کلین اینڈ جرک کیٹیگری میں 146 کلوگرام سمیت مجموعی طور پر 272 کلو وزن اٹھاتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔طلحہ نے سینئر کامن ویلتھ چیمپئن شپ میں بھی شرکت کی اور سلور میڈل اپنے نام کیا، 17سالہ پاکستانی ویٹ لفٹر نے بھارت، ملائیشیا، سموآ، نارو، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے ویٹ لفٹرز کو پیچھے چھوڑا اور انھیں واحد شکست پاپوا نیوگنی کے اولمپکس کے تجربہ کار ویٹ لفٹر کے ہاتھوں ہوئی۔ پاکستان کی جانب سے ایونٹ میں 6 ویٹ لفٹرز شریک ہیں۔ دوسری جانب کامن ویلتھ گیمز کے سلور میڈلسٹ اور ایشین ٹرپل گولڈ میڈلسٹ عبدالرحمان 85 کلو گرام، پلس 105کلوگرام میں کامن ویلتھ گولڈ میڈلسٹ، جونیئر گولڈ میڈلسٹ اور سینئر برانز میڈلسٹ 19سالہ نوح دستگیر بٹ اور نیشنل گولڈ میڈلسٹ عبداللہ بٹ بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔