نیب میں شکایت اندراج سے ریفرنس دائر کرنیکی مدت 10ماہ طے ہے: قمر زمان چودھری

نیب میں شکایت اندراج سے ریفرنس دائر کرنیکی مدت 10ماہ طے ہے: قمر زمان چودھری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(صباح نیوز) چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا ہے نیب کو عام شہریوں اور سرکاری و نجی اداروں کی 3لاکھ 43 ہزار 356 شکا یات موصول ہو ئیں،11581شکایا ت کی تصدیق، 7587انکوائریاں اور 3846کیسوں کی تحقیقات مکمل کرکے احتساب عدالتوں میں کرپشن کے ریفرنسز دائر کیے گئے ہیں، نیب وہ واحد انسداد کرپشن کا ادارہ ہے جس میں کیس کی مدت دس ماہ طے کی گئی ہے اس مدت میں شکایت کے اندراج سے لے کر انکوائری اورتحقیقات مکمل کرنے کے عمل سے لے کر ریفرنس دائر کرنے کا وقت شامل ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنی سربراہی میں نیب کے پراسیکیوشن ڈویژن کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے نیب ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں دوران اجلاس کیا جس میں پراسیکیوٹر جنرل اکاؤنٹبلٹی وقاص قدیر ڈار نے بتایا کہ پراسیکیوشن ڈویژن نیب کا اہم ڈویژن ہے جو نیب کے آپریشنز ڈویژن کو قانونی مشورے اور معاونت دینے کیساتھ ساتھ ریجنل بیوروز کو انکوائریوں ، تحقیقات کو قانون کے مطابق اور اس حوالے سے ایس او پیز طے کرنے میں مدد کرتاہے جبکہ اس کے علاوہ یہ ڈویژن احتساب عدالتوں ،ہا ئیکورٹس اور سپریم کورٹ میں مقدامات کی پیروی بھی کرتا ہے ۔پراسیکیوشن ڈویژن نے تجربہ کار، قابل لیگل کنسلٹنٹس اور سپیشل پراسیکیوٹرز کو شامل کرکے اپنے نظام میں بہتری لائی ہے جبکہ شواہد کے جامع میکانزم کی وجہ سے بہترین نتائج برآمد ہو رہے ہیں ۔پراسیکیوشن کی مسلسل باہمی مشاورت ،مانیٹرنگ اور کارکردگی کے جائزے کی وجہ سے کیسوں میں سزا دلوانے کی شرح 76فیصد ہو چکی ہے جواب تک کی شاندار شرح ہے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کاکہنا تھا 14ء سے17ء کے موجودہ نیب انتظامیہ کے دورمیں شکایات،انکوائریوں اور تحقیقات کی تعداد دوگنی ہو چکی ہے ۔کارکردگی میں یہ بہتری نیب کے ہر رینک کے آفیسرز کی سخت محنت کی بدولت ہے کیونکہ وہ کرپشن کیخلاف جنگ کو قومی فریضے کے طور پر لڑ رہے ہیں۔ نیب ہیڈ کوارٹر اور تمام ریجنل دفاتر میں لیبارٹریاں قائم کی گئی ہیں تا کہ پراسیکیوٹرزاور تفتیشی افسران کو تحقیق کے دوران متعلقہ معلومات کو جمع کرنے میں مدد ملے اور کیسوں کو جلد نمٹایا جاسکے ۔ نیب ہیڈ کوارٹر میں ای ۔لائبریری قائم کی گئی ہے جس میں 50ہزار کتابوں، لاء جرنلز اور سالانہ و ماہانہ لاء رپورٹس تک رسائی کی سہولت موجود ہے ۔نیب ہائر ایجوکیشن کمیشن کی لائبریری تک رسائی لے رہی ہے اس سے مستقبل میں نیب پراسیکیوٹر ز کو فائدہ ملے گا ۔نیب ہیڈ کوارٹر میں ایک موثر اور جامع مانیٹرنگ اینڈ ایولیشن کا نظام موجود ہے جس کے ذریعے تمام ڈویژنوں اور ریجنل بیوروز کی کارکردگی کا جائزہ لیا جاتا ہے اس نظام سے نیب کی ڈویژنوں اور ریجنل دفاتر کی کارکردگی میں اضافہ ہوا ہے ۔

مزید :

صفحہ آخر -