ایف سی کے آئی جی کا مہمند ایجنسی کا دورہ ،امن وامان کی صورتحال سے آگاہی
مہمند ایجنسی ( نمائندہ پاکستان) مہمند ایجنسی، آئی جی ایف سی کا دورہ مہمند ایجنسی۔ پی اے مہمند، کمانڈنٹ مہمند رائفلز اور دیگر حکام کے ساتھ امن و امان کے بارے میں میٹنگ۔ قومی مشران کے ساتھ جرگہ۔ مہمند ایجنسی میں مقامی انتظامیہ کے مطابق ہفتے کے روز انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور میجر جنرل مظہر شاہین نے مہمند ایجنسی کا دورہ کیا۔ ہیڈ کوارٹر مہمند رائفلز میں پولیٹیکل ایجنٹ محمود اسلم وزیر اور کمانڈنٹ مہمند رائفلز کرنل محمد عرفان علی نے ہیلی پیڈ پر ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر اے پی اے اپر مہمند حمید اللہ خٹک، ونگ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل امتیاز خان اور دیگر سیکورٹی حکام بھی موجود تھے۔ آئی جی ایف سی نے علاقائی امن و امان کے حوالے سے سول اور سیکورٹی حکام کے ساتھ خصوصی میٹنگ کی اور مہمند ایجنسی کے تمام اقوام کے سرکردہ مشران کے ساتھ مشترکہ جرگہ کیا۔ انہوں نے قبائلی مشران پر زور دیا کہ اپنے علاقوں میں امن و امان کی بحالی میں سیکورٹی فورسز اور سول انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاؤن جاری رکھیں۔ کیونکہ امن و امان کیلئے عوامی تائید اور حمایت نے موثر کردار ادا کیا ہے۔ اس موقعہ پر قومی مشران نے انہیں ہر قسم کے تعاؤن کا یقین دلایا۔ عمائدین نے آئی جی ایف سی سے اپیل کی کہ مہمند ایجنسی میں عوامی مشکلات کے پیش نظر موبائل نیٹ ورک کھول دیا جائے۔ مہمند ایجنسی کیلئے اعلان کردہ کیڈٹ کالج اور غلنئی ڈیم کی تعمیراتی کام شروع کیا جائے۔ اور معاشی ترقی کیلئے افغان کے ساتھ تجارتی مقاصد اور آمد و رفت کیلئے گرسل گیٹ کھولنے کے اقدامات کیئے جائے۔ اس موقع پر آئی جی ایف سی نے قومی مشران کو ہر ممکن تعاؤن کا یقین دلایا۔