ٹریفک پولیس کو تجاوازات اور رانگ پارکنگ کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات کی ہدایات
لاہور( وقائع نگار خصوصی) چیف ٹریفک آفیسرلاہور طیب حفیظ چیمہ نے سٹی ٹریفک پولیس کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لینے ،شہریوں کی مدد اور ٹریفک کے بہاؤ کو مزید بہتر کرنے کیلئے ایس پیز سے خصوصی میٹنگ کی ۔انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس عوام کی سہولت اور ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔سی ٹی او کی زیر صدارت ہونے والی اس میٹنگ میں ایس پی سٹی آصف صدیق،ایس پی صدر ندا عمر چٹھہ اور ایس پی ہیڈ کواٹرز رانا شجاعت شریک تھے۔طیب حفیظ چیمہ نے شہرمیں ٹریفک کے مسائل خاص طور پر تجاوزات اور رانگ پارکنگ کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے ایس پیز کو ہدایت کی کہ ون ویلنگ کے خاتمے تک بھر پور طریقے سے کریک ڈاؤن جاری رہے گا اس سلسلے میں خلاف ورزی کے مرتکب کسی بھی فرد سے ہرگز رعایت نہیں کی جائے گی ۔انہوں نے ایس پیز اور ڈی ایس پیز کو ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں میں صبح اور چھٹی کے اوقات میں تمام افسران سڑکوں پر موجود رہتے ہوئے ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنائیں۔سی ٹی او نے کہا کہ ٹریفک ایجوکیشن یونٹ شہر بھر میں مسلسل ٹریفک آگاہی بارے تقاریب کا اہتمام کرتے ہوئے لوگوں کو ٹریفک قوانین پر عمل پیرا ہونے کیلئے ایجوکیٹ کرے۔انہوں نے ٹریفک افسران کو کہا کہ سرکاری گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی مرمت اور دیکھ بھال میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ۔طیب حفیظ چیمہ نے وارڈنز کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آتے ہوئے ٹریفک قوانین کی پاسداری کو ہرممکن یقینی بنائیں۔