حکومت کا دامن کرپشن سے پاک ہے ،مخالفین بھی انگلی نہیں اٹھا سکتے ،شہباز شریف

حکومت کا دامن کرپشن سے پاک ہے ،مخالفین بھی انگلی نہیں اٹھا سکتے ،شہباز شریف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے گذشتہ 7برس کے دوران عوام کی بے لوث خدمت کی ہے اوروزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات کیے جارہے ہیں۔شفافیت،معیار اور تیزرفتاری سے منصوبوں کی تکمیل مسلم لیگ(ن) کی حکومت کاطرۂ امتیازہے۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کا دامن کرپشن سے پاک ہے اور مخالفین بھی مسلم لیگ(ن) کی حکومت پر انگلی نہیں اٹھاسکتے۔وہ مسلم لیگ(ن) کے عہدیداران سے گفتگوکررہے تھے ،جنہوں نے آج یہاں وزیراعلیٰ سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا کہ گذشتہ برس ہونے والے دھرنوں اوراحتجاج کی سیاست کے باعث قومی معیشت کو بے پناہ نقصان پہنچا۔چین کے ساتھ توانائی، انفراسٹرکچر اوردیگر منصوبوں میں تاخیردھرنوں کے باعث ہوئی اورملک کے ترقی و خوشحالی کے سفر میں دھرنوں نے رخنہ ڈالا۔ قوم کا قیمتی وقت ضائع کرنے والوں نے ملک کا احساس کیا نہ عام آدمی کا۔دھرنوں سے ملکی وقار کو نقصان پہنچایا گیااور ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کے ساتھ غیر ملکی سرمایہ کاری کا عمل بھی رکا۔دھرنوں میں ایسے جھوٹے الزمات لگائے گئے جس سے سچ اور جھوٹ کی تمیز ختم ہوگئی۔دھرنوں نے عام آدمی کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا۔دھرنا سیاست کرنے والوں نے ملک و قوم کے ساتھ وہ کھیل کھیلا جو دشمن بھی نہیں کھیلتا ۔وطن عزیز اگرچہ دھرنوں اورطلاطم خیزی سے باہر نکل آیا ہے تاہم دھرنوں کے اثرات دیر تک محسوس ہوتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے بے پایاں فضل و کرم سے پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ترقی کا سفر دوبارہ شروع کیا ہے اورنئے عزم اورجذبے کے ساتھ آگے کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چنیوٹ رجوعہ میں قیمتی معدنی ذخائر کی تصدیق اللہ تعالیٰ کا پاکستان کیلئے بہت بڑا تحفہ ہے ۔ مسلم لیگ(ن) کی حکومت کرپشن کے جبڑوں سے قیمتی معدنی ذخائر چھین کر عوام کے سامنے لائی ہے۔دور آمریت میں پنجاب کے سابق حکمرانوں نے اس منصوبے پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی اور اس قیمتی خزانے کو کوڑیوں کے بھاؤنام نہاد کمپنی کو فروخت کیا لیکن پاکستان مسلم لیگ کی حکومت نے یہ کوشش ناکام بناکرقیمتی خزانے عوام کے سامنے پیش کردےئے ہیں۔چنیوٹ رجوعہ میں ملنے والا خزانہ صرف پنجاب کے 10کروڑ عوام کی ملکیت نہیں بلکہ پاکستان کے 18کروڑ عوام کی ملکیت ہے اوریہ اللہ تعالیٰ کا خاص تحفہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ ماہرین کے مطابق خام لوہے اورتانبے کے ذخائردوہزار مربع کلو میٹر تک پھیلے ہوئے ہیں اورانشاء اللہ چینی اورجرمن ماہرین بہت جلد حتمی رپورٹ دیں گے اورمحنت ، امانت اور دیانت سے خام لوہے اورتانبے کے قیمتی ذخائر سے استفادہ کر کے ملک و قوم کی تقدیر بدلیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ونڈ پاور کوریڈورز کی دریافت بہت بڑی خوشخبر ی ہے ۔ڈنمارک کی کمپنی نے پنجاب کے مختلف مقامات پر ہوا سے بجلی کے حصول کی نشاندہی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے قائد اعظم سولر پارک بہاولپور میں اپنے وسائل سے پاکستان کا سب سے پہلا اوربڑا سو میگاواٹ کا سولر منصوبہ لگایا ہے جو مکمل ہوچکا ہے اوردنیا کی تاریخ میں یہ پہلا سولر منصوبہ ہے جو انتہائی تیزرفتاری سے مکمل کیا گیا ہے اور بہت جلد یہ منصوبہ بجلی کی پیداوار کا آغاز کردے گا۔وزیراعلیٰ نے پنجاب کی ترقی اورعوام کو سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں میرٹ ،شفافیت اورترقیاتی منصوبوں کی برق رفتاری سے تکمیل کے کلچر کو فروغ دیا گیا ہے ۔کوئی ہم پر ایک پائی کی کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتا ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں عوام کی فلاح و بہبود، انہیں تعلیم ،صحت اوردیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے منصوبے پر اربوں روپے صرف کیے جارہے ہیں۔2017ء تک پنجاب کی تمام تحصیلوں میں صاف پانی پراجیکٹ کے تحت پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ محنت،امانت اوردیانت جیسے سنہری اصول اپنا کر پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ،کرپشن اوراقرباء پروری کے ناسورنے پاکستان کے وجود کو زخمی کیا ہے ۔عوام کی مایوسیوں کو خوشیوں اور تکلیفوں کو راحت میں بدلنے کیلئے دن رات ایک کردیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک کو مسائل کے چنگل سے نکالنے کیلئے ہماری سنجیدہ اورمخلصانہ کاوشیں بارآور ثابت ہوں گی۔میرا ایمان ہے کہ پاکستان مسائل کی دلدل سے ضرور نکلے گا اورہم اپنی منزل حاصل کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ بے روزگار نوجوانوں کے اپنا روزگار سکیم کے تحت50ہزار گاڑیاں میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کی جارہی ہے جس کیلئے جنوبی پنجاب کے اضلاع کاکوٹہ بڑھایا گیا ہے،اربوں روپے کا یہ منصوبہ شفافیت اورمیرٹ کا منہ بولتا شاہکار ہے۔’’خادم پنجاب دیہی روڈزپروگرام‘‘ کے تحت دیہی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر ومرمت کے پروگرام پر رواں مالی سال15ارب روپے خرچ کیے جارہے ہیں جبکہ اس پروگرام کے تحت اگلے مالی سال اربوں روپے کے مزید وسائل فراہم کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں غیر ملکی کمپنیوں سے بات چیت کے ذریعے قوم کے اربوں روپے بچائے گئے ہیں ۔پاکستان کی تاریخ میں قومی وسائل کی بچت کی ایسی کوئی مثال نہیں ملتی جو پنجاب حکومت نے گذشتہ7 برس کے دوران قائم کی ہے،ایک ایک پائی قوم کی امانت ہے اورپاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت عوام کے وسائل ان پر صرف کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ محنت اورجدوجہد کاصلہ ضرور دیتا ہے۔ چنیوٹ رجوعہ میں معدنی ذخائر اورونڈ کوریڈورز کی دریافت اسی محنت اورنیک نیتی کا ثمر ہیں ۔قومیں جستجو،آرزو،محنت اور جدوجہد سے ہی آگے بڑھتی ہیں۔ انشاء اللہ پاکستان بھی اقوام عالم میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے یہاں پاکستان کے سفیر خصوصی اور وزیراعظم کے نمائندے جاوید ملک نے ملاقات کی،جس میں سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے کئے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔معاشی اشارئیے بہتری کی طرف گامزن ہیں۔ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہواہے ۔انہوں نے کہاکہ سمندر پار بسنے والے پاکستانی وطن عزیز کا قیمتی سرمایہ ہیں۔پاکستان کے یہ عظیم حقیقی سفیر ملکی معیشت کے استحکام میں موثر کردار ادا کررہے ہیں۔ اوورسیز پاکستانیز کمیشن ،پنجاب دیار غیر میں بسنے والے پاکستانیوں کے مسائل کے فوری حل میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے انتہائی ساز گار ماحول پیداکیا گیاہے۔ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ایک ہی چھت تلے تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے جاوید ملک کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔سفیر خصوصی اوروزیراعظم کے نمائندے جاوید ملک نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ ماہ پاکستان گلف آپر چونٹی فورم کا انعقاد متحدہ عرب امارات اورخلیجی علاقوں میں ہورہاہے۔فورم کے انعقاد سے پاکستان اور خلیجی ممالک کے سرمایہ کاروں کے مابین تعاون بڑھے گا۔ انہوں نے کہاکہ فورم پاکستان میں تجارتی اور سرمایہ کاری کے امکانات کو اجاگر کرنے کا بھی باعث بنے گا۔

مزید :

صفحہ اول -