امریکی کانگریس نے85 ہزار گیسٹ ورکرز کو ویزا دینے کی منظوری دیدی
واشنگٹن( اظہر زمان، بیوروچیف) امریکی کانگریس نے رواں سال کے لئے85 ہزار گیسٹ ورکرز کو’’ ایچ ون بی‘‘ ویزا جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ان میں سے 20 ہزار ویزے ان غیر ملکیوں کو جاری کئے جائیں گے جنہوں نے امریکی یونیورسٹیوں میں اعلیٰ ڈگری حاصل کی ہو گی۔کانگریس کے منظور کردہ بل کا اس نمائندے نے بغور جائزہ لیا ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ ویزوں کا یہ کوٹہ کسی خاص خطے یا ملک کے لئے مخصوص نہیں ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ پاکستانی پروفیشنلز بھی اس ویزے کے لئے درخواست دے سکتے ہیں۔ قبل ازیں اوبامہ انتظامیہ نے ایک ایگزیکٹو آرڈر کے تحت ان امریکی کمپنیوں کو جو غیر ممالک میں کاروبار کرتی ہیں اپنے غیر ملکی ملازموں کے لئے خصوصی گیسٹ ورکر ویزا حاصل کرنے کی سہولت کا اعلان کیا تھا۔ ’’ایچ ون بی‘‘ ویزا پروگرام کے تحت ہر سال کانگریس کوٹہ منظور کرتی ہے جس کا مقصد سائنس اور ٹیکنالوجی سے وابستہ فرموں کو کمپیوٹر پروگرامرز اور انجینئروں کو غیر ممالک سے منگوانے کی سہولت دینا ہے۔ سینیٹ کے چند ارکان نے بل پر بحث کے دوران اعتراض اٹھایا ہے کہ بعض امریکی کمپنیاں ویزے کی اس سہولت کا ناجائز فائدہ اٹھاتی ہیں۔ وہ ضروری اہلیت والے امریکی ملازموں کو فارغ کر دیتی ہیں اور اس کے بعد ’’ ایچ ون بی‘‘ ویزا پروگرام کے تحت غیر ممالک سے پروفیشنلز منگوا لیتی ہیں جن کو کم اجرت ادا کر کے بچت کر لیتی ہیں ۔ اس سلسلے میں ری پبلکن سینیٹر چیف سیشنز اور ڈیموکرٹیک سینیٹر رچرڈ ڈربن نے محکمہ انصاف، لیبر اور ہوم لینڈ سیکیورٹی کے نام اپنے مشترکہ خط میں اس معاملے کی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا ہے کہ کس طرح بعض امریکی کمپنیاں قوانین کی خلاف ورزی کر رہی ہیں۔ امریکی کانگریس ،منظوری