پاکستان سمیت پوری دنیا کے شائقین کرکٹ پی ایس ایل کے میچ کس چینل پر دیکھ سکتے ہیں اور لائیو سٹریمنگ کہاں ہو گی؟ انتہائی اہم اور مفید معلومات جانئے

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کیلئے ٹی وی براڈ کاسٹنگ اور لائیو سٹریمنگ پارٹنرز کا اعلان کر دیا گیا ہے جس کے مطابق پاکستان بھر میں پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) اور جیو سپر براہ راست پی ایس ایل کی نشریات دکھا سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت میں ’ڈی سپورٹس‘ پر پاکستان سپر لیگ کے میچز دیکھے جا سکیں گے جبکہ برطانیہ اور یورپ میں پی ایس ایل کی نشریات دکھانے کے حقوق ’ہم ٹی وی‘ نے حاصل کر لئے ہیں۔ امریکہ اور کینیڈا میں موجود پی ایس ایل کے مداح ”ویلو ٹی وی“ پر میچ دیکھ سکیں گے۔
انٹرنیٹ پر میچ دیکھنے کے شوقین افراد کیلئے خوشخبری ہے کہ معروف ویب سائٹ ”کرکٹ گیٹ وے“ نے لائیو سٹریمنگ کے حقوق حاصل کئے ہیں اور مختلف خطوں میں رہنے والے افراد اس ویب سائٹ پر جا کر براہ راست پی ایس ایل کے تمام میچ دیکھ سکیں گے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ پہلی مرتبہ اس کے یوٹیوب چینل بھی براہ راست میچ دکھائیں گے تاہم مختلف خطوں کیلئے مختلف ’یو آر ایل‘ ایڈریس استعمال ہوں گے جو ذیل میں دئیے گئے ہیں۔
مشرق وسطیٰ میں رہنے والے افراد www.cricketgateway.ae پر لائیو سٹریمنگ دیکھ سکیں گے۔
پاکستان میں رہنے والے افراد www.cricketgateway.pk پر براہ راست میچوں سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
اور دنیا بھر میں رہنے والے دیگر شائقین کرکٹ www.cricketgateway.com پر پی ایس ایل کے تمام 34 میچ براہ راست دیکھ سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق آنے والے دنوں میں مزی لائیو سٹریمنگ اور یوٹیوب پارٹنرز کا اعلان بھی کیا جائے گا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ پی ایس ایل کے ہر مداح چاہے وہ دنیا کے کسی بھی کونے میں ہو، ایکشن سے بھرپور ٹورنامنٹ سے محظوظ ہو سکے اور اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو ان ایکشن دیکھ سکے۔