الکتاب سکول، جنگل میں منگل

الکتاب سکول، جنگل میں منگل
الکتاب سکول، جنگل میں منگل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کچھ لوگوں کے کام اور عزائم دیکھ کردلی مسرت ہوتی ہے،یوں محسوس ہوتاہے کہ اللہ تعالیٰ نے ان کے دل میں دوسروں کیلئے کچھ کرنے کاجذبہ  کوٹ کوٹ کر بھردیاہے،عملی تصویرمجھے تب نظر آئی جب یونائیٹڈجرنلسٹس فورم آف پاکستان کے وفدکو غیرسرکاری تنظیم’’ہیلپ لائن‘‘کے سیکرٹری جنرل میاں اخلاق الرحمان نے لاہور کے نواحی علاقے راناٹاؤن میں مدعو کیا،راناٹاؤن آبادی سے بالکل باہرایک پسماندہ علاقے میں جہاں کم آمدن خاندان کی رہائشیں زیادہ نظرآئیں،کچے اوربل کھاتے راستے پرچلتے چلتے جب ہم سرسبزکھیتوں کے درمیان پہنچے تو جنگل میں منگل سا ماحول نظر آیا،وسیع و عریض چاردیواری کے بیچ ایک خوبصورت سکول اور نظم وضبط کی عملی تصویرمیں ڈھلے اساتذہ،سٹاف،طلباوطالبات سے ملنے کاموقع ملا۔

جب لاہور گوجرانوالہ جی ٹی روڈ سے گاڑی اس علاقے کی طرف مڑی تو میرے ذہن میں کوئی چھوٹا سا سکول تھا،پھر جب کچے راستے پر چلتے چلتے ہم آبادی سے بالکل باہر نکلے تو سکول کے اندر پہنچنے تک میں اس کشمکش میں تھا کہ نجانے میاں اخلاق الرحمان نے ہمیں کہاں مدعو کرلیاہے اور یہاں کیا ایسا ہے جسے دیکھانے کی کوشش ہورہی ہے مگر سکول کا گیٹ کھلتے ہی ایک الگ ہی دنیا نظرآئی،انتہائی مودب،علم کی شمع تھامے ننھے پھول،علم کے پیاسوں کو سیراب کرنے والے اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ اور ننھے بچے ،وہ بھی اس پسماندہ علاقے کے بچے جنہیں میرا گمان تھا کہ پنجابی بھی درست تلفظ کیساتھ بولنا نہیں آتی ہوگی مگر انہیں بچوں کے منہ سے قومی زبان اور انگریزی زبان میں گفتگو،تقاریر اور مکالمے سنے،بات چیت کی،دل باغ باغ ہوگیا، ہمارے وفد کی قیادت  چیئرمین  یونائیٹڈجرنلسٹس فورم آف پاکستان برہان الدین نے کی۔

 وفد میں وائس چیئرمین اینکرپرسن احتشام الرحمان،سینئر نائب صدر،کالم نگار اور اینکرپرسن مناظرعلی،نائب صدر عرفان ریاض،سیکرٹری جنرل وبانی یونائیٹڈجرنلسٹس فورم،ممبرگورنگ باڈی لاہور پریس کلب رضامحمد،ایڈیشنل سیکرٹری افضال عباسی،فنانس سیکرٹری احمدخالد،سیکرٹری انفارمیشن وکالم نگارمخدوم سیدشکیل گیلانی،ایگزیکٹوممبراینکرپرسن میاں محمدآصف،ایگزیکٹوممبر،بلاگراظہرتھراج،ایگزیکٹوممبر محمدبلال عطاری،مظہرحسین،ممبرگورننگ باڈی لاہور پریس کلب سینئرصحافی،وی لاگرمحسن بلال،اینکرپرسن شاہین ورک اور ممبر یوجے ایف پی عائشہ صدیقہ سمیت دیگرشامل تھے۔سیکرٹری جنرل ہیلپ لائن میاں اخلاق الرحمان،چیئرپرسن الکتاب تعلیمی نظام میڈم لبنی یعقوب،پرنسپل الکتاب سکول رانا ٹاؤن میڈم سونیا گلزار،ایڈمنسٹریٹروپروجیکٹ انچارج الکتاب سکول رانا ٹاؤن سرفرازبھلر،پبلک ریلیشنزآفیسروسوشل میڈیاکوآرڈینیٹرشاہ زیب خان،اساتذہ اورسکول سٹاف نے استقبال کیا۔

سکول کے ننھے بچوں نے اپنے مخصوص انداز میں سینئرصحافیوں اور اینکرپرسنز کو پھول پیش کیے۔سیکرٹری جنرل ہیلپ لائن میاں اخلاق الرحمان اور پرنسپل الکتاب سکول رانا ٹاؤن میڈم سونیا گلزارنے وفد کو الکتاب سکول کے تعلیمی منصوبوں،اب تک کی خدمات اور مستقبل کی منصوبہ بندی بارے آگاہ کیا،میاں اخلاق الرحمان اور میڈم سونیا گلزارنےسکول کے وسیع و عریض رقبے پر مختلف مقامات پر زیر تعمیر عمارات،منصوبوں ،کلاس رومز،لائبریری،کمپیوٹرلیب،سلائی سنٹر،مسجد اوردیگر مقامات کا دورہ کرایا،یونائیٹڈجرنلسٹس فورم کے وفد میں شامل سینئر صحافیوں،اینکرپرسنز اورکالم نگاروں نے سکول انتظامیہ اوربچوں سے خطاب بھی کیا،چیئرمین یوجے ایف پی برہان الدین،سینئر نائب صدر مناظرعلی،سیکرٹری جنرل و بانی یوجے ایف پی رضامحمداوراینکرپرسن  و کالم نگار سید شکیل گیلانی نے گفتگتو کرتے ہوئے کہاکہ کہ الکتاب سکول اپنی نوعیت کا منفردمنصوبہ ہے اور انہیں یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ ہیلپ لائن صحیح معنوں میں ملک وقوم کی خدمت کررہی ہے،تعلیم سمیت دیگر مختلف شعبوں میں خدمات اور منصوبے یقینا قابل تعریف ہیں، ہیلپ لائن اور الکتاب سکول کے سرکردہ رہنماؤں نے سینئرصحافیوں کی جانب سے سکول کے دورے پر خوشی کااظہار کیا اور آئندہ بھی دیگر مںصوبوں کے دوروں کی دعوت دی۔

یونائیٹڈجرنلسٹس فورم آف پاکستان کے وفد میں شامل  سینئر صحافیوں نے بھی ہیلپ لائن کے جاری منصوبوں کو اپنے قلم اور کیمرے سے اجاگر کرنے کاعزم ظاہر کیا،دورے کے اختتام پر ہیلپ لائن کی جانب سے وفد کے اعزازمیں پرتکلف ظہرانے کابھی اہتمام کیاگیا ۔

بریفنگ کے دوران معلوم ہوا جہاں ہیلپ لائن کے سیکرٹری جنرل میاں اخلاق الرحمان سرگرم عمل ہیں وہی  چیئرپرسن الکتاب تعلیمی نظام میڈم لبنی یعقوب اور سینئرصحافی مجیب الرحمان شامی جیسی شخصیات بھی ایسے نیک کاموں میں اپنا بھرپورکردار کررہی ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے ہم سب ایسے بھلائی کے کاموں میں ایسے اداروں کے دست وبازو بنیں،اپنی استطاعت اور وسائل کے مطابق تعاون کریں اور کچھ بھی نہیں تو ہم لوگوں میں آگاہی پیدا کریں تاکہ انہیں ایسے منصوبوں کے حوالے سے علم ہو اور اس سفر میں ،اس قافلے کاحصہ بن سکیں۔

.

 نوٹ:یہ بلاگر کا ذاتی نقطۂ نظر ہے جس سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔

 ۔

 اگرآپ بھی ڈیلی پاکستان کیلئے بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو اپنی تحاریر ای میل ایڈریس ’zubair@dailypakistan.com.pk‘ یا واٹس ایپ "03009194327" پر بھیج دیں۔

مزید :

بلاگ -